لوگوں کو تعلیم اور صحت کی سہولیات سمیت غربت و افلاس کا سامنا ہے‘ مراد سعید

پیر مئی 20:32

اسلام آباد۔ 07 مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 07 مئی2018ء) پی ٹی آئی کے رکن قومی اسمبلی مراد سعید نے ملک میں تعلیم اور صحت کی سہولیات کی فراہمی اور غربت کے خاتمے کے لئے اقدامات اٹھانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ پی ٹی آئی برسراقتدار آکر یہ تمام مسائل حل کرے گی۔ پیر کو قومی اسمبلی میں بجٹ پر بحث میں حصہ لیتے ہوئے پی ٹی آئی کے رکن مراد سعید نے کہا کہ لوگوں کو تعلیم اور صحت کی سہولیات سمیت غربت و افلاس کا سامنا ہے‘ یہی وجہ ہے کہ میں نے ایوان کا رکن بننے کے بعد ہمیشہ سٹیٹس کو کو چیلنج کیا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ یہاں عام بندے کو کوئی برداشت کرنے کو تیار نہیں ہے۔ ہماری جماعت عام بندوں کو پارلیمنٹ میں لے کر آئے گی۔ ہر پارلیمنٹرین کو سرکاری ہسپتالوں میں علاج کرانے کے لئے پابند بنانے کا میرا بل مسترد کردیا گیا۔ ہماری جماعت برسر اقتدار آکر یہ قانون سازی مکمل کرے گی۔ ملک میں غیر ملکی سرمایہ کاری آئے گی اور کارخانے لگے تو غربت کا خاتمہ ہوگا اور خوشحالی آئے گی۔ پاکستان میں کسی چیز کی کمی نہیں ہے ‘ موثر اقدامات اٹھائے جائیں تو حالات بدل جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ان کی جماعت برسراقتدار آکر ملک کو بدلے گی۔