مقبوضہ کشمیر کی موجودہ صورتحال انتہائی تشویشناک ہے،عالمی برادری مقبوضہ کشمیر میں مظالم کانوٹس لے‘میاں مقصود احمد

عام انتخابات کیلئے ملک میں امن کا قیام ضروری ہے، سازش کے تحت انتخابات کے انعقاد میں رخنہ ڈالنے کی کوشش کی جارہی ہے

پیر 7 مئی 2018 20:33

مقبوضہ کشمیر کی موجودہ صورتحال انتہائی تشویشناک ہے،عالمی برادری مقبوضہ ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 مئی2018ء) متحدہ مجلس عمل پنجاب کے صدر اور امیرجماعت اسلامی پنجاب میاں مقصود احمدنے کہاہے کہ مقبوضہ کشمیر کی موجودہ صورتحال انتہائی تشویش ناک ہے،بھارتی فوج کے ہاتھوںپروفیسر سمیت11افراد کی شہادت کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے،بھارت نے گیارہ افراد کو شہید اور 70افراد کو زخمی کرکے یہ پیغام دیاہے کہ اسے اقوام متحدہ اور عالمی برادری سمیت کسی کی کوئی پرواہ نہیں۔

ہندوستان مقبوضہ کشمیر میں مسلمانوں پر ظلم وبربریت کی انتہاکرچکا ہے۔اس کی روک تھام کے لیے عالمی برادری کو اپنا مثبت کردار اداکرنا ہوگا۔انہوں نے کہاکہ پاکستان کی22کروڑعوام کشمیرکو اپنی شہ رگ سمجھتے ہیں اور کشمیری بھائیوں کی ہرممکن سیاسی،سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھیں گے۔

(جاری ہے)

دوست ممالک کو اعتماد میں لیتے ہوئے حکومت پاکستان مقبوضہ کشمیر میں ہونے والے مظالم کواجاگر کرے اورہندوستان کے گھنائونے چہرے کو بے نقاب کرنے کے لیے عالمی سطح پر منظم انداز میں حکمت عملی ترتیب دی جائے۔

پوری مقبوضہ وادی میں کشمیری مسلمان انڈین آرمی کی پُرتشدد کارروائیوں کے خلاف سراپا احتجاج ہیں۔دنیا کو کشمیریوں کی قربانیوں کا اعتراف کرتے ہوئے مسئلہ کشمیر کو پُرامن طریقے سے اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کرنا ہوگا۔دریں اثنامیاں مقصوداحمد نے وزیر داخلہ احسن اقبال پرقاتلانہ حملے کی شدیدمذمت کرتے ہوئے کہاکہ اس افسوس ناک واقعے کی مکمل تحقیقات کی جائیں اور پوشیدہ اصل محرکات کو سامنے لایاجائے۔

ذمہ داران کو کیفر کردار تک پہنچاناضروری ہے۔ایسے وقت میں جب ملک میں عام انتخابات ہونے جارہے ہیں صورتحا ل کو کشیدہ کرنے کی کوشش تشویش ناک امر ہے۔میاں مقصوداحمد نے مزیدکہاکہ سوچی سمجھی سازش کے تحت کچھ قوتیں انتخابات کے انعقاد میں رخنہ ڈالناچاہتی ہیں۔ضرورت اس امر کی ہے کہ حکومت اور قانون نافذ کرنے والے تمام ادارے لاء اینڈ آرڈرکی صورتحال کو بہتر کریں تاکہ عام انتخابات کے حوالے سے ملکی فضاپُرامن ر ہے۔پاکستان اس وقت نازک دور سے گزررہا ہے۔ہم سب کو مل کر دشمن قوتوں کامقابلہ کرنا ہوگا۔