بھارت جنوبی ایشیا میں سب سے زیادہ ہتھیار درآمد کرنے والا ملک ہے‘ پاکستان کو اس حوالے سے شدید تشویش لاحق ہے‘

بھارت مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں کررہا ہے‘ عالمی برادری کو اس کانوٹس لینا چاہیے وزیر دفاع انجینئرخرم دستگیر خان کا سیمینار سے خطاب

پیر 7 مئی 2018 20:36

بھارت جنوبی ایشیا میں سب سے زیادہ ہتھیار درآمد کرنے والا ملک ہے‘ پاکستان ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 مئی2018ء) وزیر دفاع انجینئرخرم دستگیر خان نے کہا ہے کہ بھارت جنوبی ایشیا میں سب سے زیادہ ہتھیار درآمد کرنے والا ملک ہے اور پاکستان کو اس حوالے سے شدید تشویش لاحق ہے۔ وہ اسلام آباد میں بھارت ایک نام نہاد علاقائی طاقت کے موضوع پر عالمی سیمینار سے خطاب کررہے تھے۔ وزیر دفاع نے کہا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں چھروں والی بندوق کا استعمال کرکے انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں کررہا ہے اورعالمی برادری کو اس کانوٹس لینا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ بھارت میں اقلیتوں خصوصاً مسلمانوں اور سکھوں کو بدترین حالات کا سامنا ہے جو مودی حکومت کاا صل چہرہ ظاہر کرتے ہیں۔وزیرِ دفاع خرم دستگیر نے کہا ہے کہ بظاہر ابھرتا ہوا بھارت درحقیقت جعلی انڈیا ہے۔

(جاری ہے)

عالمی برادری کشمیر میں بھارت کے ریاستی تشدد، اسلحہ کی دوڑ اور بھوک سے صرفِ نظر کر رہی ہے۔وزیرِ دفاع خرم دستگیر نے کہا ہے کہ بھارتی عوام بھوکے لیکن مودی حکومت اسلحے کے انبار لگا رہی ہے۔

دنیا بھارت میں اپنے ہتھیار فروخت کرنے آ ئے گی۔ دنیا کی بڑی طاقتوں کے وزرائے اعظم اور صدر بھارت اسی لئے جاتے ہیں، انھیں بھارتی کھانوں کا شوق بھارت نہیں لے جاتا۔خرم دستگیر نے کہا کہ بھارت میں اقلیتیں، بچے اور عورتوں کی عزتیں محفوظ نہیں ہیں،کسی بھی ملک کی اقدار کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ وہ اقلیتوں کے ساتھ کیسا سلوک کرتا ہے، یہ جتنا پاکستان کے لیے اہم ہے اتنا ہی بھارت کیلئے بھی ہے۔

انہوں نے کہا کہ بھارتی فوج نہ صرف کشمیر میں لوگوں کو نشانہ بنا رہی ہے بلکہ کئی دوسری بھارتی ریاستوں میں بھی کئی دہائیوں سے بغاوتوں کا سلسلہ جاری ہے اور بھارتی حکومت ان کو دبانے میں ناکام ہو چکی ہے۔انہوں نے کہا کہ بھارت کی فوجیں پہلے جنگ کے زمانے میں پاکستانی سرحد پر آتی تھیں، اب ہر وقت وہیں رہتی ہیں۔ اس کشیدگی کے پیچھے بھارت کے مذموم مقاصد ہیں۔