راجہ محمد ظفرالحق کا احسن اقبال کے بیٹے ٹیلی فون،والد کی خیرت دریافت کی ، جلد صحت یابی کیلئے دعا

پیر مئی 20:39

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 07 مئی2018ء) قائد ایوان سینیٹ و چیئرمین مسلم لیگ (ن) سینیٹر راجہ محمد ظفرالحق نے وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال کے بیٹے احمد اقبال سے ٹیلی فون پر بات کرتے ہوئے وفاقی وزیر کی خیرت دریافت کی اور ان کی جلد صحت یابی کیلئے دعا بھی کی ۔قائد ایوان سینیٹ نے وزیر داخلہ پر ہونے والے جان لیوا حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں عدم برداشت کے کلچر کی حوصلہ شکنی کی جانی چاہیے اور انتہا پسندرویوں کے ذریعے سیاسی عمل کو نقصان نہ پہنچایا جائے ۔

(جاری ہے)

راجہ محمد ظفرالحق نے کہا کہ اس طرح کے واقعات جمہوری عمل کے تسلسل کو روکنے کی ناکام کوشش ہے اور وزیر داخلہ کے جلسہ پر حملہ سیاسی سرگرمیوں کو محدود کرنے کی ایک ناکام سازش ہے ۔انہوں نے کہا کہ تمام مکاتب فکر کو مل کر دہشت گردوں کی ان کارروائیوں کی بھر پور مذمت اور عدم برداشت کے کلچر کے خاتمے کیلئے منظم اقدامات اٹھانے اور لائحہ عمل اختیار کرنا ہوگا۔سینیٹر راجہ محمد ظفرالحق نے کہا کہ تمام سیاسی جماعتیں اس بات پر متفق ہیں کہ بروقت انتخابات اور جمہوری عمل کے تسلسل کیلئے سیاسی ماحول کا ساز گار ہونا نہایت ضروری ہے ۔انہوں نے کہا کہ پوری قوم اورتمام ملکی ادارے انتہا پسندی اور عدم برداشت کے رویوں کی بھر پور مذمت کرتی ہیں ۔