چیف جسٹس نواز شریف کی ریاستی اداروں کو دھمکیوں کا نوٹس لیں‘محمود الرشید

ووٹ کے تقدس کا دعویٰ کرنیوالے بتائیں پہلے ایوان کا تقدس کیوں پامال کیا ، ووٹر کو عزت کون دیگا ‘میڈیا سے گفتگو

پیر مئی 20:39

چیف جسٹس نواز شریف کی ریاستی اداروں کو دھمکیوں کا نوٹس لیں‘محمود الرشید
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 07 مئی2018ء) پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر میاں محمودالرشید نے چیف جسٹس نیب افسران کو تحفظ فراہم کر نیکا مطالبہ کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ چیف جسٹس نواز شریف کی ریاستی اداروں کو دھمکیوں کا نوٹس لیں، ووٹ کے تقدس کی بات کرنیوالوں نے تو پارلیمنٹ کے تقدس کو خود پامال کر دیا، ملک کے سب سے مقدس ایوان کو دونوں بھائیوں نے بے وقعت کر دیا۔

وہ احاطہ اسمبلی میں صحافیوں سے بات چیت کر رہے تھے۔ اپوزیشن لیڈر نے وزیر داخلہ پر حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ تحریک انصاف ایسے واقعات اور رجحان کی حوصلہ شکنی کرتی ہے، اس موقع پر انہوں نے نواز شریف کے بیان کہ فیصلہ ہو جائے نیب کو بھی دیکھ لیں گے اس کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ یہ ادارے کو کھلم کھلا دھمکیاں ہیں، چیف جسٹس اس پر فوری نوٹس لیں اور چیئرمین نیب سمیت تمام افسران کو تحفظ فراہم کرنے کیلئے احکامات جاری کریں۔

(جاری ہے)

میاں محمودالرشید نے کہا کہ یہ بہت بہتر ہے کہ سارے معاملات ترک کر کے سب سے پہلے نواز شریف کا دماغی ٹیسٹ کرایا جائے کیونکہ ریاستی اداروں کیخلاف ہرزہ سرائی ایک نارمل شخص نہیں کر سکتا۔ ایک سوال کے جواب میں انکا کہنا تھا کہ نواز شریف کا بیانیہ ملک کو مزید خطرات سے دوچار کر رہا ہے، میں پوچھتا ہوں کہ کیا نواز شریف اور شہباز شریف کو ایوان میں آنے سے بھی خلائی مخلوق نے روک رکھا تھا ملک کے سب سے مقدس ایوان کو ان بھائیوں نے بے وقعت کر دیا، انہوں نے کہا کہ ووٹ کے تقدس کا دعویٰ کرنیوالے بتائیں پہلے ایوان کا تقدس کیوں پامال کیا اور ووٹر کو عزت کون دیگا لوگوں نے آپ کو ووٹ لوٹ مار کیلئے نہیں ملک و قوم کی تقدیر بدلنے کیلئے دیئے، انہوں نے نواز شریف کو چیلنج کرتے ہوئے کہا کہ سڑکیں پل تو ڈکٹیٹر دور میں بھی تعمیر ہوتے رہے آپ بتائیں نیشن بلڈ نگ کس کا کام تھا، آج تک ملک کو نظریاتی طور پر کتنا مضبوط کیا، عالمی سطح پر پاکستان کا گراف کتنا اوپر کیا، کیا اس میں بھی خلائی مخلوق رکاوٹ تھی۔