وزیراعظم کابھارتی فورسز کی وحشیانہ کارروائیوں، شہریوں کی شہادت اور انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں میں اضافہ پر گہری تشویش کا اظہار

دنیا بھر کے عوام مقبوضہ کشمیر میں بھارتی جبروتشدد کے خلاف اپنی آواز بلند کریں ،ْ عالمی رہنمائوں کو کشمیری خواتین، بچوں اور نوجوانوں کو ناروا سلوک اور وحشیانہ مظالم سے بچانے کیلئے متحد ہونا چاہئے ،ْپاکستان کشمیری عوام کی اپنے جائز حق خود ارادیت کیلئے جدوجہد میں اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا ،ْشاہد خاقان عباسی کا بیان

پیر 7 مئی 2018 20:42

وزیراعظم کابھارتی فورسز کی وحشیانہ کارروائیوں، شہریوں کی شہادت اور ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 مئی2018ء) وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے پاکستان کو مقبوضہ کشمیر میں بھارتی سکیورٹی فورسز کے ہاتھوں منظم وحشیانہ کارروائیوں، بیگناہ شہریوں کی شہادت اور انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں میں اضافہ پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ دنیا بھر کے عوام مقبوضہ کشمیر میں بھارتی جبروتشدد کے خلاف اپنی آواز بلند کریں ،ْ عالمی رہنمائوں کو کشمیری خواتین، بچوں اور نوجوانوں کو ناروا سلوک اور وحشیانہ مظالم سے بچانے کیلئے متحد ہونا چاہئے ،ْپاکستان کشمیری عوام کی اپنے جائز حق خود ارادیت کیلئے جدوجہد میں اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا۔

پیر کو وزیراعظم آفس سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کو مقبوضہ کشمیر میں بھارتی سکیورٹی فورسز کے ہاتھوں منظم وحشیانہ کارروائیوں، بیگناہ شہریوں کی شہادت اور انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں میں اضافہ پر گہری تشویش ہے، بھارتی سیکورٹی فورسز نے حال ہی میں کشمیری عوام کے خلاف دہشت کا بازار گرم کیا ہے، حریت قیادت کو گرفتار یا نظر بند کر لیا گیا ہے اور پرامن مظاہرین کو مسلسل دہشت زدہ کیا جا رہا ہے اور گولیوں اور پیلٹ گنوں کے ذریعے معذور کیا جا رہا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بھارتی ریاستی دہشت گردی کے نتیجہ میں گذشتہ 36 گھنٹوں میں 14 افراد کی شہادت ہو چکی ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ اقوام متحدہ ہائی کمیشن برائے انسانی حقوق اور او آئی سی خود مختار مستقل انسانی حقوق کمیشن کو رسائی دینے سے انکار بھارتی جبر و استبداد اور مجرمانہ کارروائیوں کا واضح ثبوت ہے۔ شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ اپنے منصفانہ اور جائز حق خود ارادیت کے حصول کیلئے جدوجہد کرنے والی کشمیر کی پانچ نسلوں کے خلاف بھارت کے مسلسل غیر انسانی مظالم دنیا کے اجتماعی ضمیر کیلئے سوالیہ نشان ہیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ دنیا بھر کے عوام کو بھارتی جبر و استبداد کے خلاف اپنی آواز بلند کرنی چاہئے اور عالمی رہنمائوں کو کشمیری خواتین، بچوں اور نوجوانوں کو ناروا سلوک اور وحشیانہ مظالم سے بچانے کیلئے متحد ہونا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ ہم اقوام متحدہ پر زور دیتے ہیں کہ وہ کشمیریوں کے قتل عام کی روک تھام اور ان کے ناقابل تنسیخ حق خود ارادیت پر عملدرآمد کو یقینی بنانے کیلئے اپنا کردار ادا کرے۔ شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ پاکستان بھارتی ریاستی دہشت گردی کی پرزور مذمت کرتا ہے اور وہ اقوام متحدہ کے منشور اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق کشمیری عوام کی اپنے جائز حق خود ارادیت کیلئے جدوجہد میں اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا۔