موجودہ حکومت کی پائیدار پالیسیوں اور دیرپا اصلاحات کے نتیجے میں ملکی معیشت مسلسل بہتری کی جانب گامزن ہے ،ْوزیر خزانہ

نجی شعبے کو قائدانہ کردار دینے سے ترقی کا عمل تیز ہوا ہے، سرمایہ کاروں میں احساس تحفظ پیدا ہوا ہے جو پالیسیوں میں تسلسل کی بدولت آئندہ دور میں بھی برقرار رہے گا ،ْ مفتاح اسماعیل

پیر 7 مئی 2018 20:42

موجودہ حکومت کی پائیدار پالیسیوں اور دیرپا اصلاحات کے نتیجے میں ملکی ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 مئی2018ء) وفاقی وزیر خزانہ ڈاکٹر مفتاح اسماعیل نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت کی پائیدار پالیسیوں اور دیرپا اصلاحات کے نتیجے میں ملکی معیشت مسلسل بہتری کی جانب گامزن ہے، نجی شعبے کو قائدانہ کردار دینے سے ترقی کا عمل تیز ہوا ہے، سرمایہ کاروں میں احساس تحفظ پیدا ہوا ہے جو پالیسیوں میں تسلسل کی بدولت آئندہ دور میں بھی برقرار رہے گا۔

وہ پیر کو سرمایہ کاری بورڈ اور جنگ گروپ کے تعاون سے منعقدہ سرمایہ کاری کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔ کانفرنس کا موضوع ’’ شرح نمو کو 9 فیصد تک لے کے جانا ‘‘ تھا۔ اس موقع پر وزیر مملکت و چیئرمین سرمایہ کاری بورڈ نعیم زمیندار نے بھی خطاب کیا۔ وزیر خزانہ نے اپنے خطاب میں مسلم لیگ (ن) کی حکومت کی معاشی کارکردگی، معیشت کی مضبوطی کیلئے اٹھائے گئے اقدامات، افراد کیلئے ٹیکس کے نرخوں میں کمی اور مراعات کو اجاگر کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ہمارے دور میں ملکی معیشت کی ترقی کی رفتار تیز ہوئی ہے اور آج جی ڈی پی کی شرح نمو 5.8 فیصد تک پہنچ گئی ہے تاہم غربت کے خاتمے اور روزگار کی فراہمی کیلئے مزید تیز رفتار نمو کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں ترقی کی بہت صلاحیت موجود ہے، بلند شرح نمو کی ایک وجہ نجی شعبے کو ترقی کے عمل میں قائدانہ کردار دینا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کی اقتصادی اصلاحات سکیم کے تحت ٹیکس میں رعایتیں دی گئی ہیں۔

ٹیکس نیٹ میں زیادہ سے زیادہ لوگوں کو شامل کرنے کیلئے ٹیکس دہندگان کیلئے سہولیات کے ساتھ ساتھ نادہندگان کیلئے کاروبار کو مشکل بنایا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان 2025ء میں مڈل کلاس کا حامل دنیا کا بڑا ملک بن جائیگا۔انھوں نے کہا کہ حکومت کی پالیسی برآمدات کو بڑھانے پر مرکوز ہے اور برآمدات کے فروغ کیلئے ریلیف پیکیج کا اعلان کیا جائے گا۔

انہوں نے کہاکہ پاکستان غیر ملکی سرمایہ کاری کیلئے وسیع ملک ہے اور جو یہاں پر سرمایہ کاری کریں گے وہ پاکستان کو اپنا دوست پائیں گے۔ قبل ازیں وزیر مملکت و چیئرمین سرمایہ کاری بورڈ نعیم زمیندار نے ملک میں سرمایہ کاری کی صورتحال کے بارے میں پریزنٹیشن دی اور کہا کہ آج حالات بہت بہتر ہیں، سرمایہ کاری بڑھ رہی ہے، پاکستان کی عالمی درجہ بندی بہتر ہوئی ہے جبکہ موجودہ حکومت کی پالیسیوں کی بدولت فرنٹیئر مارکیٹ سے ایمرجنگ مارکیٹ کا درجہ حاصل کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ معاشی کارکردگی کے پیش نظر 2030ء تک پاکستان کے دنیا کی 20 ویں بڑی معیشت بننے کی پیشنگوئی کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کاروباری میں آسانی کے حوالے سے اقدامات کئے جا رہے ہیں اور اس سلسلہ میں 75 اصلاحات کی گئی ہیں۔ اس موقع پر مینجنگ ڈائریکٹر پی پی آئی بی شاہجان مرزا نے توانائی کی رسد بہتر بنانے اور بجلی کی پیداوار بڑھانے کیلئے موجودہ حکومت کی جانب سے کئے گئے اقدامات کو اجاگر کیا۔