چین، برطانیہ، جرمنی، جاپان اور ترکی کے سفارتکاروں نے پاکستان کو سرمایہ کاری کیلئے پرکشش اور مواقع سے بھرپور ملک قرار دیدیا

پاکستان میں ترقی کی تمام صلاحیتیں موجود ہیں، اس کی جغرافیائی حیثیت، نوجوان آبادی اور یہاں دستیاب مواقع اقتصادی نمو کے لئے سازگار ہیں ،ْبرطانوی ہائی کمشنر

پیر 7 مئی 2018 20:42

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 مئی2018ء) چین، برطانیہ، جرمنی، جاپان اور ترکی کے سفارتکاروں نے پاکستان کو سرمایہ کاری کیلئے پرکشش اور مواقع سے بھرپور ملک قرار دیدیا ۔ پیر کو یہاں ایک سیمینار کے دوران چین کے سفیر یائو جنگ، برطانیہ کے ہائی کمشنر تھامس بریو، جرمنی کے سفیر مارٹن کابلر، جاپان کے سفیر تاکاشی کورائے اور ترکی کے سفیر مصطفیٰ احسان نے ایک پینل مباحثہ میں حصہ لیا۔

پاکستان کی جی ڈی پی کی شرح نمو کی9 فیصد تک بڑھنے کے امکانات کے بارے میں اظہار خیال کرتے ہوئے چینی سفیر نے کہا کہ پاکستان نے حالیہ سالوں میں ترقی پر مبنی پالیسی اختیار کی ہے اور اس ضمن میں مثبت پیش رفت کی گئی ہے ،ْ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی حکومت پرعزم ہے اور سرمایہ کاروں کو سہولیات دے رہی ہے جبکہ یہاں کاروباری طبقہ اور نجی شعبہ بڑے فعال ہوئے ہیں، اس تناظر میں پاکستان کی ترقی کے امکانات روشن ہیں، اس سلسلے میں چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) کا منصوبہ بہت اہمیت کا حامل ہے۔

(جاری ہے)

برطانوی ہائی کمشنر نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں ترقی کی تمام صلاحیتیں موجود ہیں، اس کی جغرافیائی حیثیت، نوجوان آبادی اور یہاں دستیاب مواقع اقتصادی نمو کے لئے سازگار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 9 فیصد کی بلند شرح نمو قابل حصول ہے۔ جرمنی کے سفیر نے کہا کہ پاکستان کے نوجوان اس کے شاندار مستقبل کی ضمانت ہیں، سی پیک ایک عظیم آئیڈیا ہے، دیگر ممالک کو اس منصوبے سے پیدا ہونے والے مواقع کو بروئے کار لانا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نے 11 ہزار میگاواٹ بجلی سسٹم میں شامل کی ہے جو اس کے سیاسی عزم کو ظاہر کرتی ہے، بطور سفیر ہمارا کام ہے کہ پاکستان کے حقیقی تشخص کو اجاگر کریں۔ جاپان کے سفیر نے کہا کہ پاکستان کی نوجوان آبادی سرمایہ کاروں کے لیے ایک ترغیب کی حیثیت رکھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جاپانی کمپنیاں یہاں اپنا کاروبار بڑھانا چاہتی ہیں اور پاکستان میں منافع کے حوالے سے پرامید ہیں، انہوں نے بعض شعبوں میں بہتری لانے کے لئے تجاویز بھی دیں۔

اس موقع پر ترکی کے سفیر نے اظہار خیال کرتے ہوئے وزیر داخلہ احسن اقبال کے لیے نیک تمنائوں کا اظہار کیا اور کہا کہ وہ ان کی جلد صحت یابی کے لئے دعا گو ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ پاکستان کے مستقبل پر یقین رکھتے ہیں، یہ ایک ابھرتا ہوا ملک ہے، پاکستان کی نوجوان آبادی کو تعلیم و ہنر کی فراہمی کے ذریعے مطلوبہ ترقی کے اہداف حاصل کیے جا سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی سیکورٹی کی صورتحال بہت بہتر ہوئی ہے جبکہ توانائی کی ضروریات پوری کرنے کے لئے ٹھوس اقدامات کئے گئے ہیں۔ انہوں نے پاکستان کے حقیقی اور مثبت تشخص کو اجاگر کرنے کے لئے منظم مہم چلانے کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ پاکستان میں ہر شعبہ میں کامیاب مثالیں موجود ہیں جنہیں عالمی سطح پراجاگر کیا جائے۔