گجرات، حکومت پنجاب کی ضلع میں قائم 6میٹرنٹی ہسپتالوں، دو سول ہسپتالوں میں ہیلتھ کونسلز کے قیام کے منظوری

ہسپتالوں کیلئے ہیلتھ کونسلز کے فنڈز کی مد میں 2.4ملین روپے کے فنڈز بھی جاری

پیر 7 مئی 2018 20:48

گجرات (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 07 مئی2018ء) حکومت پنجاب نے ضلع میں قائم 6میٹرنٹی ہسپتالوں، دو سول ہسپتالوں میں ہیلتھ کونسلز کے قیام کے منظوری دیدی ہے اور ان ہسپتالوں کیلئے ہیلتھ کونسلز کے فنڈز کی مد میں 2.4ملین روپے کے فنڈز بھی جاری کردیے گئے ہیں، ان خیالات کا اظہار ڈپٹی کمشنر محمد علی رندھاوا نے بات چیت کے دوران کیا، سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر عابد محمود غوری بھی اس موقع پر موجود تھے۔

ڈپٹی کمشنر محمد علی رندھاوا نے بتایا کہ حکومت پنجاب ، ہیلتھ ڈیپارٹمنٹ کی پالیسی کے مطابق ضلع کے پانچ ٹی ایچ کیو اور ٹی ایچ کیو لیول ہسپتالوں، 10رورل ہیلتھ سنٹرز اور 89بنیادی مراکز صحت میں پہلے ہی ہیلتھ کونسلز قائم ہیں جنکے ممبران میں متعلقہ اسسٹنٹ کمشنرز، ایم پی ایز، ایم ایس، علاقہ کے معززین اور مخیر حضرات شامل ہیں ابتک ان ہسپتالوں میں ہیلتھ کونسلز کے ذریعے ادویات کی خریداری، طبی آلات کی فراہمی اور دیگر اخراجات کیلئے ابتک کروڑوں روپے جاری کئے جاچکے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوںنے بتایا کہ ضلع گجرات میں دیگر طبی اداروں کے ساتھ زچہ و بچہ کے علاج کیلئے چھ میٹرنٹی ہسپتال ،جلالپور جٹاں اور کوٹلہ ارب علی خان میں سول ہسپتال بھی قائم ہیں جو ہیلتھ کونسلز کے لئے منظور شدہ اداروں کی فہرست میں شامل نہ تھے تاہم ضلعی انتظامیہ اور محکمہ صحت نے حکومت پنجاب سے رجوع کیا جس کے بعد مجاز اتھارٹی نے یہاں بھی ہیلتھ کونسلز کے قیام کے ساتھ فنڈز کے اجراء کی منظوری دیدی ہے۔

انہوںنے بتایا کہ چھ میٹرنٹی ہسپتالوں اور دو سول ہسپتالوں کے بنک اکاونٹس کے بعد انکے لئے پہلی قسط میں فی کس تین تین لاکھ روپے ہیلتھ کونسلز فنڈز کے چیک جاری کر دیے گئے ہیں۔ انہوںنے امید ظاہر کی کہ ہیلتھ کونسلز کے قیام اور بجٹ کے اجراء کے بعد ان اداروں کے سربراہان ہیلتھ کونسلز کی منظوری سے ضروری امور مقامی سطح پر ہی سرانجام دے سکیں گے۔