وفاقی وزیر برجیس طاہر کی وزیر داخلہ چوہدری احسن اقبال پر قاتلانہ حملے کی مذمت

عام انتخابات سے قبل اس قسم کی پرتشدد کاروائی سے ملک میں پیش آمدہ انتخابات سے متعلق انتخابی مہم کو نقصان پہنچنے کا اندیشہ ہے،بیان

پیر 7 مئی 2018 20:48

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 07 مئی2018ء) وفاقی وزیر برائے اُمور کشمیر و گلگت بلتستان چوہدری محمدبرجیس طاہر نے وفاقی وزیر داخلہ چوہدری احسن اقبال پر قاتلانہ حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایسی قابل مذمت کاروائی کی جتنی بھی مذمت کی جائے وہ کم ہے ۔انہوںنے کہاکہ عام انتخابات سے قبل اس قسم کی پرتشدد کاروائی سے ملک میں پیش آمدہ انتخابات سے متعلق انتخابی مہم کو نقصان پہنچنے کا اندیشہ ہے ۔

انہوںنے کہاکہ اب جبکہ ایک اور جمہوری حکومت اپنے پانچ سالہ معینہ مدت مکمل کرنے جارہی ہے ایسے میں تمام سیاسی جماعتوں اور اداروں پر یہ ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ ملک میں پرُامن انتخابات کویقینی بنانے کے لیے اپنی اپنی ذمہ داریاں پوری کریںتاکہ ملک میں جمہوریت کا تسلسل آگے بڑھ سکے ۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ حالات جیسے بھی ہوں ہماری قیادت اور پارٹی اپنے قائد کے وژن کو مدنظر رکھتے ہوئے الیکشن میں حصہ لے گی اور 2018 ء کے انتخابات میں ایک بار پھر کامیاب ہو کر ملک و قوم کی خدمت جاری رکھے گی۔

انہوں نے کہاکہ 2018 ء کے انتخابات قریب آ رہے ہیں تو ایسے میں تمام سیاسی جماعتوں اور رہنمائوں کو چاہیے کہ وہ عوام کے پاس مثبت پلان کے ساتھ جائیں اور اپنا منشور ان کے سامنے پیش کریں۔انہوں نے کہاکہ تمام سیاسی جماعتوں کو پرامن ماحول میں عوام تک اپنا موقف پیش کرنے کے لیے یکساں مواقعے مہیا کرنے چاہیں ۔انہوںنے کہا کہ جس طرح تمام سیاسی جماعتوں نے احسن اقبال پرحملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے وہ قابل تعریف ہے۔انہوں نے کہاکہ تمام پاکستانی آئینی اور سیکیورٹی اداروں کو امن وامان کی صورت حال کو مزید بہتر کرنا چاہیے تاکہ شر پسند عناصر کو ایسی مذموم کاروائی کرنے کا موقع میسر نہ آسکے۔۔۔۔راٹھور