ایگزیکٹو ڈائریکٹر ایچ ای سی ڈاکٹر ارشد علی کو علمی اور عملی خدمات کے اعتراف میں لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ دیا گیا

پیر مئی 20:50

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 07 مئی2018ء) دی انسٹی ٹیوشن آف انجینئرز پاکستان (آئی ای پی ) کی جانب سے ایگزیکٹو ڈائریکٹر ہائر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی ) ڈاکٹر ارشد علی کو ان کی علمی اور عملی خدمات کے اعتراف میں لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈدیا گیا۔ ڈاکٹر ارشد علی ایک مایہ ناز محقق اور علمی شخصیت ہیں جنہوں نے ایویانکس میں بیچلر آف انجینئرنگ این ای ڈی یونیورسٹی آف ٹیکنالوجی کراچی سے حاصل کی جبکہ الیکٹریکل انجینئرنگ میں ایم ایس اور پی ایچ ڈی یونیورسٹی آف پٹسبرگ یو ایس اے سے کی۔

انھیں پاکستان اکیڈمی آف سائنسزاور کامسٹیک کی جانب سے آئی ٹی ریسرچ میں گولڈ میڈل دیا گیا جبکہ سال 2005میں نسٹ ریسرچر آف دی ایئر کے اعزاز میں پریذیڈنٹ گولڈ میڈل اور پاکستان اکیڈمی آف سائنسزکی جانب سے سال 2006میں سال کے بہترین محقق کا ایوارڈ دیا گیا۔

(جاری ہے)

ان کو آئی ٹی کے شعبہ میں پریذیڈنٹ پرائڈ آف پرفارمنس اور حکومت پاکستان کی جانب سے ستارہٴ امتیاز سے بھی نوازا جا چکا ہے ۔

ڈاکٹر ارشد نے سٹینفورڈ یو ایس اے ، کال ٹیک یو ایس اے ، یو ڈبلیوای یو کے اور یونیورسٹی آف ساؤتھ بریٹنی فرانس کے ساتھ مشترکہ ریسرچ پراجیکٹس پر کام کر رکھا ہے ۔انھوں نے انٹرنیشنل آئی سی ایف اے ورکشاپ آن ایچ ای پی نیٹ ورکنگ ، گرڈز، اینڈ ڈیجیٹل ڈیوائڈ ایشوز فار گلوبل ای سائنس کے انٹرنیشنل ایڈوائزری بورڈ کے رکن کی حیثیت سے بھی خدمات سرانجام دی ہیں۔

یاد رہے انسٹی ٹیوٹ آف انجینئرز پاکستان جو کہ اب انسٹی ٹیوشن آف انجینئرز پاکستان ہے ، کاسنگ بنیاد بابائے قوم قائد اعظم محمد علی جناح نے 7مئی1948کو مشرقی پاکستان کے دارالخلافہ ڈھاکہ میں ر کھا تھا جبکہ 1971میں بنگلہ دیش کے قیام کے بعد اس ادارہ کا ہیڈ کورٹر لاہور منتقل کر دیا گیا۔ یہ ادارہ پاکستان میں پروفیشنل انجینئرز کا سب سے بڑا ادارہ ہے جو کہ مختلف پروگراموں کے ذریعے انجینئرز کو ٹریننگ اور ڈویلپمنٹ کے مواقع فراہم کرتا ہے۔

اس ادارہ کے ملکی اور بین الاقوامی سطح پر 39اداروں کے ساتھ روابط ہیں ۔ یہ ادارہ ورلڈ فیڈریشن آف انجینئرنگ آرگنائزیشنز، فیڈریشن آف انجینئرنگ انسٹی ٹیوشنزآف ساؤ تھ اینڈ سنٹرل ایشیا، فیڈریشن آف انجینئرنگ انسٹی ٹیوشنزآف اسلامک کنٹریز، دی کامن ویلتھ انجینئرنگ کونسل ، امریکن ایسوسی ایشن فار ایڈوانسمنٹ آف سائنس اور کنسورشیم آف افیلی ایٹس فار انٹرنیشنل پروگرام جیسے اداروں میں پاکستان کی نمائندگی کرتا ہے۔