سندھ میں جوائنٹ وینچر کے تحت فرائزین پیسچرائزڈ ایگ پلانٹ لگانا ڈچ کمپنی کا پاکستانی معیشت پر اعتماد کا مظہرہے، ناہید میمن

معاہدے کے تحت میزان بنک اس منصوبے کے لئے 12.5 کروڑ روپے قرضہ دے گاجبکہ اپنے فرائزین پیسچرائزڈ ایگ پلانٹ کے لئے 10 کروڑ روپے برکات کمپنی خود لگائے گی اور اس منصوبے کے لئے 7.5کروڑ روپے ڈچ گورنمنٹ دے گی

پیر 7 مئی 2018 20:54

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 07 مئی2018ء) چیئر پرسن سندھ بورڈ آف انویسٹمنٹ ناھید میمن نے کہا ہے کہ ڈچ کمپنی کی جانب سے بن قاسم کراچی میں جوائنٹ وینچر پارٹنر شپ کے زریعے فرائزین پیسچرائزڈ ایگ پلانٹ لگانا دراصل پاکستانی معیشت پر اعتماد کا مظہر ہے۔انہوں نے پیر کو اپنے دفتر میں برکات فرائزین پیسچرائزڈ ایگ کمپنی اور میزان بنک کے مابین ہونے والے معاہدے کے دستخطوں کی تقریب سے مہمان خصوصی کی حیثیت سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

معاہدے کے تحت میزان بنک اس منصوبے کے لئے 12.5 کروڑ روپے قرضہ دے گا۔جبکہ اپنے فرائزین پیسچرائزڈ ایگ پلانٹ کے لئے 10 کروڑ روپے برکات کمپنی خود لگائے گی اور اس منصوبے کے لئے 7.5کروڑ روپے ڈچ گورنمنٹ دے گی۔جبکہ سندھ انٹر پرائز ڈیولپمنٹ فنڈ SEDF قرضے پر کائی بور KIBOR سبسڈی جوکہ تقریبا 20 ملین روپے بنتی ہے ادا کرے گا۔

(جاری ہے)

ناہید میمن نے کہا کہ ہالینڈ کی کمپنی کے ساتھ سندھ کی کمپنی کے اس جوائنٹ وینچر سے صوبے میں جدید ٹیکنالوجی آئے گی،پولٹری انڈسٹری کو فائدہ ہوگا اور روزگار کے مواقع پیدا ہونگے۔

اس موقع پر بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ ہالینڈ کے تعاون سے بن قاسم میں لگنے والے فرائزین پیسچرائزڈ ایگ پلانٹ میں انڈے کی زردی اور سفیدی کو الگ الگ کر کے پیکنگ میں تین ہفتے سے لیکر ایک سال کی مدت تک محفوظ رکھا جاسکے گا جبکہ انڈے سے حاصل ہونے والے چھلکے اور جھلی کو فارما سیوٹیکل اور کاسمیٹکس انڈسٹری میں استعمال کر کے مزید مالی فائدہ حاصل کیا جاسکے گا۔

اس موقع پر چیئر پرسن ایس بی آئی ناہید میمن نے کہا کہ فرائزین پیسچرائزڈ ایگ پلانٹ کے لگنے سے سندھ میں پولٹری صنعت کو بہت فائدہ ہوگا۔ تقریب میں سندھ حکومت کے محکمہ خوراک،محکمہ صنعت،محکمہ لائیو اسٹاک،جبکہ این ائی پی میزان بنک،ڈچ فرائزین پیسچرائزڈ ایگ کمپنی کے افسران،برکات فرائزین پیسچرائزڈ ایگ کمپنی کے افسران اور سندھ انٹر پرائزڈ ڈیولپمنٹ فنڈ کے چیف ایگزیکیٹو افسر محبوب الحق بھی موجود تھے۔#