فلاحی ادارے اہم قومی خدمت انجام دے رہے ہیں،گورنرسندھ

سی پیک منصوبہ قومی ترقی ، انسانی سرمایہ کی تعمیر اور لوگوں کے معیار زندگی بدلنے کے لئے انتہائی اہم ہے ، جس کے لئے فنی تربیت کی حامل افرادی قوت ضروری ہے ،حکومت امن ٹیک سے تعاون جاری رکھے گی تاکہ نوجوانوں کے مستقبل کو مزید بہتر انداز میں سنوارا جا سکے، ، امن فاؤنڈیشنتقریب سے خطاب

پیر 7 مئی 2018 20:57

فلاحی ادارے اہم قومی خدمت انجام دے رہے ہیں،گورنرسندھ
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 07 مئی2018ء) گورنر سندھ محمد زبیر نے کہا ہے کہ معاشرہ میں فلاحی ادارے خدمت انسانیت کے جذبہ سے سرشار عوام کو جدید دور کی سہولیات فراہم کررہے ہیں ، انسانی جان کی حفاظت ، ابتدائی طبی امداد ، روزگار کے لئے فنی مہارت کی تربیت، تعلیم اور صحت کی سہولیات سمیت دیگر انسانی ضروریات کی فراہمی میں اہم قومی خدمت سرانجام دے رہے ہیں جو کہ قابل ستائش ہیں ، امن فاؤنڈیشن شاہراہوں پر حادثات کے شکار افراد کو فوری طبی امداد ، نوجوانوں کو فنی مہارت ، روزگار کی فراہمی ، تعلیم اور صحت کی سہولیات فراہم کرنے والا معتبر ترین ادارہ ہے۔

وہ پیر کو امن فاؤنڈیشن کے زیر اہتمام امن ٹیک میں تربیت حاصل کرنے والے نوجوان کی گریجویشن تقریب سے خطاب کررہے تھے۔

(جاری ہے)

اس موقع پریو ایس ایڈ کے جان اسمتھ ، مختلف ممالک کے قونصل جنرلز، امن فاؤنڈیشن کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر احمد جلال، عمائدین شہر اور نوجوانوں کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔ گورنرسندھ نے مزید کہا کہ امن فاؤنڈیشن کی جانب سے لوگوں کو تعلیم اور صحت کی اسٹیٹ آف دی آرٹ سہولیات فراہم کی جارہی ہیں جبکہ امن ایمبولینس کی سروس نہایت بے مثال ہے ، کراچی جیسے شہر میں قدرتی آفات اور حادثات میں انسانی جانوں کی حفاظت کے لئے ریسکیو اقدامات کی بہت ضرورت ہے جس کے لئے تخمینہ کے مطابق 200 سے زائد ایمبولینس کی شہر کو درکار ہیں۔

انہوں نے کہا کہ امن ٹیک نے نوجوانوں کو فنی تربیت کی فراہمی کے لئے ایک زبردست پروگرام ترتیب دیا ہے ، جس کے تحت اب تک 10200 سے زائد نوجوان فارغ التحصیل ہو چکے ہیں، ادارہ میں عالمی معیا ر کے مطابق فنی مہارت کی تربیت فراہم کی جاری ہے جس کا اندازہ اس ادارہ سے فنی مہارت کی تربیت حاصل کرنے والے افراد کو ملنے والے روزگار کی 69 فیصد شرح سے لگایا جا سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ سی پیک منصوبہ قومی ترقی ، انسانی سرمایہ کی تعمیر اور لوگوں کے معیار زندگی بدلنے کے لئے انتہائی اہم ہے ، جس کے لئے فنی تربیت کی حامل افرادی قوت ضروری ہے ،حکومت امن ٹیک سے تعاون جاری رکھے گی تاکہ نوجوانوں کے مستقبل کو مزید بہتر انداز میں سنوارا جا سکے ، ادارہ کے فنی مہارت کے کورسز ،کمپیوٹر ٹریننگ اور بزنس کی تربیت نوجوانوں کا مستقبل تابناک کرنے میں اہم ثابت ہونگے۔

انہوں نے مزید کہا کہ آج کا دن ان نوجوانوں کے بہت یادگار اور تاریخی ہے جنھوں نے ادارہ سے اپنی فنی تربیت مکمل کرلی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کراچی منی پاکستان ہے ملک کے ہر علاقہ سے لوگ یہاں اپنے سنہری مستقبل کے لئے آرہے ہیں ، کراچی دوبارہ روشنیوں کا شہر بن گیا ہے ، شہر میں سماجی ، ثقافتی ،معاشی ، ادبی اور کھیلوں کی سرگرمیوں کو بغیر کسی رکاوٹ کے ہر صورت جاری رکھنا ہے۔ اس موقع پر امن فاؤنڈیشن کے سربراہ احمد جلال ملک نے گورنر سندھ کو اپنے ادارہ کی کارکردگی کے بارے میں تفصیل سے آگاہ کیا۔ انہوں نے فنی تربیت میں تعاون پر یو ایس ایڈ کا بھی شکریہ ادا کیا۔ #