مقبوضہ کشمیر میں بھارتی انتہا پسندی عروج پر ،شدت پسندوں نے بزرگ مسلمان چرواہے کو بدترین تشددکانشانہ بناڈالا

جنت نظیر وادی میں دوروز میں مزید 14کشمیری جوانوں کی شہادت کے خلاف مکمل ہڑتال، کٹھ پتلی انتظامیہ کی جانب سے مارچ روکنے کیلئے کرفیوکا نفاذ، انٹرنیٹ اور موبائل فون سروس معطل

پیر 7 مئی 2018 20:59

سری نگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 07 مئی2018ء) مقبوضہ کشمیر میں بھارتی جارحیت و بربریت جاری ہے، بھارتی شدت پسندوں نے ضعیف العمر مسلمان چرواہے کو بدترین تشدد کا نشانہ بنایا اور مویشیوں کو مار ڈالا،جنت نظیر وادی میں 14کشمیری جوانوں کی شہادت کے خلاف مکمل ہڑتال کی گئی،وادی میں کرفیو نافذ، انٹرنیٹ اور موبائل فون سروس معطل کر دی گئی۔

تفصیلات کے مطابق جنت نظیر وادی کشمیر میں بھارتی شدت پسندوں نے ضعیف العمر مسلمان چرواہے کو بدترین تشدد کا نشانہ بنایا۔جبکہ 14افرادکی شہادت کے خلاف وادی میں پیر کودوسرے دن مکمل ہڑتال رہی ۔مقبوضہ کشمیر میں ظلم کی ایک اور دردناک داستان رقم ہوگئی۔ہندو انتہاپسندوں نے بزرگ مسلمان چرواہے کو بہیمانہ تشدد کا نشانہ بنایا۔

(جاری ہے)

نفرت کی آگ اس پر بھی ٹھنڈی نہ ہوئی تو ظالموں نے تمام مویشیوں کو بھی مارڈالا۔

دوسری جانب گذشتہ روز کی شہادتوں کے خلاف مقبوضہ وادی میں مسلسل مکمل ہڑتال رہی ۔حریت قیادت نے سول سیکریٹریٹ کی جانب مارچ اور دھرنے کی کال دی جس کے بعد کٹھ پتلی انتظامیہ نے لوگوں کو اس مارچ میں شرکت سے روکنے کیلئے وادی میں کرفیو نافذ اور دیگر پابندیاں عاید کردیں۔ واضح رہے کہ حریت رہنما میر واعظ عمر فاروق اور سید علی گیلانی نظربند جبکہ یاسین ملک گرفتار ہیں۔ ادھر احتجاج کو روکنے کیلئے کٹھ پتلی انتظامیہ نے موبائل فون اور انٹرنیٹ سروسز بھی بند کردی ۔