اطمینان ہے میرے دور حکومت میں آئین اور قانون کے تقاضوں کے مطابق میرٹ پر کام ہوئے ‘ سردار سکندر حیات

پیر مئی 21:02

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 07 مئی2018ء) آزاد جموںوکشمیر کے سابق صدر اور وزیراعظم سردار سکندر حیات خان جو پاکستان مسلم لیگ ( ن) کے مرکزی سینئر نائب صدر بھی ہیں نے کہا ہے کہ انہیں اس بات پر دلی اطمینان ہے کہ ان کے دور حکومت میں آئین اور قانون کے تقاضوں کے مطابق میرٹ پر کام ہوئے ہیں اور آزادکشمیر کے تمام اضلاع اور علاقوں کی ضروریات کو مدنظر رکھ کر بلاتخصیص تعمیر و ترقی لیے میرٹ پر تعمیراتی اور ترقیاتی کاموں کے لیے اقدامات کیے گے ہیں اور میرے دور حکومت کے میرٹ پر اکیے جانے والے ان آئینی ، قانونی ، انتظامی اور ترقیاتی کاموں کو آزادکشمیر کے لوگ تسلیم بھی کرتے ہیں جنہوںنے ہمیشہ مجھ پر اعتماد کا اظہار بھی کیا ہے اور مجھے محبت بھی دی ہے جس پر میں ان کا دلی طور پر شکرگزار ہوں ۔

(جاری ہے)

سردار سکندر حیات خان گزشتہ شام راولپنڈی کھنہ ہائوس میں اپنی رہائش گاہ پر وزیراعظم آزادکشمیر کے سابق پرنسپل سیکرٹری اور ایڈیشنل چیف سیکرٹری جنرل(ریٹائرڈ) محمد اکرم سہیل سے ملاقات کے دوران بات چیت کر رہے تھے ۔ اس سے قبل محمد اکرم سہیل نے سردار سکندر حیات خان کی عیادت کی اور ان سے ان کے علاج معالجے سے متعلق امور کے بارہ میں بات چیت کی اور ان کی کامل صحت یابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا ۔

اس سے قبل حکومت آزادکشمیر کے وزیرلوکل گورنمنٹ راجہ نصیر احمدخان اور کوٹلی سے مسلم کانفرنس کے رکن قانون ساز اسمبلی سابق سینئر وزیر ملک محمد نواز نے بھی سردار سکندر حیات خان سے ان کی رہائش گاہ پر الگ الگ ملاقاتیں کر کے ان کی خیریت دریافت کی اور ان کی صحت یابی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے ان کی کامل صحت یابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ وزیرمال حکومت آزادکشمیر سردار فاروق سکندر بھی اس موقع پر موجود تھے۔