وزیراعظم کے حلقہ انتخاب کی یونین کونسلز گوجر بانڈی اور چکوٹھی میں12روز سے تمام موبائل کمپنیوں کی سروس معطل‘ صارفین کو مشکلات کا سامنا

پیر 7 مئی 2018 21:02

چناری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 07 مئی2018ء) وزیراعظم آزاد کشمیر کے حلقہ انتخاب کی یونین کونسلز گوجر بانڈی اور چکوٹھی میں12روز سے تمام موبائل کمپنیوں کی سروس معطل۔صارفین کو مشکلات کا سامنا۔حکومت آزاد کشمیر غیر اعلانیہ موبائل کمپنیوں کی طرف سے معطل سروس کا نوٹس لے تا کہ صارفین کی مشکلات میں کمی آسکے۔عوام علاقہ کا مطالبہ۔

تفصیلات کے مطابق ضلع جہلم ویلی کی یونین کونسلز گوجر بانڈی اور چکوٹھی کے دیہاتوں چکوٹھی، میرا بکوٹ، پاہل، کچڑ پیڑا، دھنی،لانی،لڑی،شاٹھ، بیلہ،کانی تنگ ، ریوند، کھوڑیاں سمیت درجنوں دیہاتوںمیں تمام موبائل فون کمپنیوں کی معطل شدہ سروس 12روز گزرنے کے بعد بھی تا حال بحال نہ ہو سکی۔ موبائل فون کمپنیوں، پی ٹی اے اور حکومت آزاد کشمیر نے تا حال سروس بحالی پر کوئی اقدامات نہیں کیئے ۔

(جاری ہے)

جس کی وجہ سے لاکھوںصارفین شدید مشکلات کا شکار ہیں۔مذکورہ دیہاتوں کے سینکڑوں کی تعداد میں افراد بیرون ملک، پاک آرمی اور دیگر شہروں میں ملازمت اور مزدوری کے سلسلہ میں علاقہ سے باہر ہیں۔جن کا گھر والوں اور عزیز ا اقارب سے رابطہ کا واحد ذریعہ موبائل فون سروس تھی جسے غیر اعلانیہ طور پر معطل کر دیا گیا ہے۔جس کی وجہ سے ہمارے عزیز اقارب سے رابطہ نہیں ہو پا رہا۔

جس کی وجہ سے سخت کرب کا شکار ہیں۔ان خیالات کا اظہار عوام علاقہ نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ترقی کے اس جدید دور میں عوام علاقہ کو موبائل جیسی بنیادی ضرورت سے محروم کرنا کہاں کا انصاف ہے۔کسی بھی شہری سے بنیادی حقوق فراہم کرنے کے بجائے چھیننا کہاں کا انصاف ہے۔وزیراعظم پاکستان، وزیراعظم آزاد کشمیر ، چیف سیکرٹری معاملے کا فی الفور نوٹس لیں بصورت دیگر سخت احتجاج پر مجبور ہوں گے۔