سپریم کورٹ نے نااہلی معطل کرنے سے متعلق خواجہ آصف کی استدعا مسترد کر دی

نااہلی کیخلاف خواجہ آصف کی اپیل ابتدائی سماعت کیلئے منظور ، عثمان ڈار سمیت تمام فریقین کو نوٹس جاری خواجہ آصف اور عثمان ڈار اپنی تحریری گزارشات دائر کریں ، سپریم کورٹ کا حکم

پیر 7 مئی 2018 21:07

سپریم کورٹ نے نااہلی معطل کرنے سے متعلق خواجہ آصف کی استدعا مسترد ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 07 مئی2018ء) سپریم کورٹ نے خواجہ آصف کی نااہلی کا اسلام آباد ہائیکورٹ کا فیصلہ معطل کرنے کی استدعا مسترد کر دی جبکہ نااہلی کیخلاف خواجہ آصف کی اپیل ابتدائی سماعت کے لیے منظور کرتے ہوئے عثمان ڈار سمیت تمام فریقین کو نوٹس جاری کر دیا اور حکم دیا کہ خواجہ آصف اور عثمان ڈار اپنی تحریری گزارشات دائر کریں ۔

پیر کو جسٹس عمر عطا بندیال کی سربراہی میں 3 رکنی بنچ نے کیس کی سماعت کی۔ وکیل منیر اے ملک نے عدالت سے استدعا کی کہ خواجہ آصف نے آئندہ الیکشن لڑنا ہے، لہذا نااہلی کا فیصلہ معطل کیا جائے، جیسے عدالت نے مسترد کر دیا۔سپریم کورٹ نے نااہلی کیخلاف خواجہ آصف کی اپیل ابتدائی سماعت کے لیے منظور کرتے ہوئے عثمان ڈار سمیت تمام فریقین کو نوٹس جاری کر دیا۔

(جاری ہے)

عدالت نے حکم دیا کہ خواجہ آصف اور عثمان ڈار اپنی تحریری گزارشات دائر کریں۔جسٹس عمر عطا بندیال نے استفسار کیا آئندہ عام انتخابات کس تاریخ کو ہو رہے ہیں لگتا ہے اب خواجہ آصف کو کابینہ میں کوئی دلچسپی نہیں۔ جس پر وکیل نے جواب دیا آپ نے ایک ماہ کی تاریخ دی، اس لیے نا اہلی معطل کرنے کی استدعا کی۔ جسٹس عمر عطا بندیل نے ریمارکس دیئے آئندہ تاریخ ایک ماہ سے کم کر کے 2 ہفتیکر دیتے ہیں۔ عدالت نے کیس کی مزید سماعت دو ہفتے تک ملتوی کر دی۔