باشعور عوام نے جھوٹ اور الزامات کی منفی سیاست کرنیوالوں کو آئینہ دکھا دیا ‘پرویز ملک

ملکی ترقی کا تسلسل (ں)لیگ ہی برقرار رکھ سکتی ہے،ہم نے عوامی ترقی اور خوشحالی کیلئے دن رات کام کیا ‘وفاقی وزیر (ن) لیگ کے ترقیاتی منصوبے پاکستان کی تاریخ میں سنہری حروف سے لکھے جائیں گے‘ صوبائی وزیر خواجہ عمران نذیر

پیر 7 مئی 2018 21:34

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 07 مئی2018ء) پاکستان مسلم لیگ(ن) لاہور کے صدر و وفاقی وزیر محمد پرویز ملک اور صوبائی وزیر خواجہ عمران نذیر نے کہا ہے کہ ملک میں ترقی کا تسلسل مسلم لیگ (ن) ہی برقرار رکھ سکتی ہے،نیازی، زرداری نعرے لگاتے رہے ہم نے عوام کی ترقی اور خوشحالی کے لئے دن رات کام کیا۔ا ن خیالات کا اظہار انہوں نے لاہور دفتر میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر ارکان اسمبلی چوہدری شہباز،میاںمرغوب احمد،سید توصیف شاہ،سینیٹر ڈاکٹر اسد اشرف،عامر خان،سعدیہ تیمور،چوہدری عبدالمجید چن نمبردار،جاوید اقبال سمیت دیگر بھی موجود تھے۔انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) مثبت سیاست کے باعث ملک کی مقبول ترین جماعت بن چکی ہے، نیازی اور زرداری نے اپنے صوبوں کے عوام کو مایوسی اور دکھوں کے سوا کچھ نہیں دیا، مسلم لیگ (ن) نے پانچ سال شب و روز عوام کی خدمت کی‘ باشعور ووٹر ایک بار پھر مسلم لیگ (ن) کو ہی ووٹ دے گا، انرجی بحران اور دہشت گردی کا خاتمہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت کا اعزاز ہے۔

(جاری ہے)

مسلم لیگ (ن) کے ترقیاتی منصوبے پاکستان کی تاریخ میں سنہری حروف سے لکھے جائیں گے۔ جتنے منصوبے موجودہ دور میں مکمل کئے گئے ہیں پاکستان کی تاریخ میں اس سے پہلے کوئی مثال موجود نہیں۔انہوں نے کہا کہ باشعور عوام نے جھوٹ اور الزامات کی منفی سیاست کرنیوالوں کو آئینہ دکھا دیا ہے۔ منفی احتجاج، انتشار اور دھرنوں کی سیاست کرنیوالوں کو شکست فاش ہو گی، انتشار اور منفی سیاست کرنیوالوں کیلئے نوشتہ دیوار ہے۔انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی سیاست کا محور عوام کی خدمت ہے اور مسلم لیگ (ن) کی عوامی خدمت کی بدولت عوام نے اسے ہر الیکشن میں سرخرو کیا ہے۔