اسرائیلی جارحیت و بر بریت جاری ، ایک ماہ کے دوران 8 ہزار فلسطینی زخمی

طبی امداد کے دوران اسرائیلی فوج نے 25 ایمبولینسوں پر گولیوں اور آنسو گیس سے حملہ کیا،ترجمان فلسطینی وزارت صحت

پیر 7 مئی 2018 21:36

غزہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 07 مئی2018ء) اسرائیلی جارحیت و بر بریت سے 30مارچ سے ابتک زخمی ہونے والے فلسطینیوں کی تعداد 8 ہزار ہو گئی،ابتدائی طبی امداد کے دوران اسرائیلی فوج نے 25 ایمبولینسوں پر اصلی گولیوں اور آنسو گیس سے حملہ کیا۔

(جاری ہے)

غیر ملکی میڈیا کے مطابق اسرائیل کے زیر محاصرہ غزہ کی سرحد پر فلسطینی 30 مارچ سے لے کر اب تک پٴْر امن مظاہروں کو جاری رکھے ہوئے ہیں اور اس دوران اسرائیلی فوجیوں کی طرف سے انتہائی طاقت کے استعمال کے نتیجے میں زخمی ہونے والے فلسطینیوں کی تعداد 8 ہزار کے قریب پہنچ گئی ہے۔

فلسطین کی وزارت صحت کے ترجمان اشرف القدریٰ کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق اسرائیلی فوج کی مداخلتوں کے نتیجے میں غزہ کی سرحد پر کئے جانے و الے گرینڈ واپسی مارچ مظاہروں کے دوران 7 ہزار 945 افراد زخمی ہو چکے ہیں۔زخمیوں میں سے 100 کو مظاہروں کے دوران ابتدائی طبّی امداد کے اہلکاروں کی طرف سے طبّی امداد فراہم کئے جانے کی طرف توجہ مبذول کرواتے ہوئے قدریٰ نے کہا ہے کہ اسرائیلی فوجیوں نے 25 ایمبولینسوں پر اصلی گولیوں اور آنسو گیس سے حملہ کیا۔