نیب نے انتہائی حساس اور اہم نوعیت کی دستاویزات باہر لے جانے کی کوشش ناکام بنا دی ،

افسر کے خلاف انکوائری کا حکم کاغذات باہر لے جانے کی کوشش کو ناکام بنانے والے سکیورٹی گارڈ کو تعریفی سرٹیفکیٹ،10 ہزار روپے نقد انعام سے نواز ا

پیر 7 مئی 2018 21:41

نیب نے انتہائی حساس اور اہم نوعیت کی دستاویزات باہر لے جانے کی کوشش ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 07 مئی2018ء) قومی احتساب بیورو (نیب )کے چیئرمین جسٹس (ر)جاوید اقبال نے نیب کے سکیورٹی گارڈ عابد حسین کو اپنے فرائض انتہائی ایمانداری ، ذمہ داری ، حاضر دماغی اور قانون کے مطابق سرانجام دینے اور نیب ہیڈ کوارٹرز کی عمارت سے کچھ انتہائی حساس اور اہم نوعیت کے سرکاری کاغذات باہر لے جانے کی کوشش کو ناکام بنانے پر تعریفی سرٹیفکیٹ اور10 ہزار روپے نقد انعام سے نواز ا ہے ۔

چئیرمین نیب نے نیب کے سیکورٹی گارڈ عابد حسین کی فرض شناسی کی تعریف کرتے ہوئے کہا ہے کہ مجھے آپ کے ذمہ دارانہ اور قانون کے مطابق کام کرنے سے انتہائی خوشی ہو ئی ہے آپ نے جہاں اپنے فرائض نہایت احسن طریقے سے سرانجام دیئے وہاں نیب ہیڈ کوارٹرز کی عمارت سے انتہائی حساس اور اہم نوعیت کے سرکاری کاغذات غیرذمہ دارانہ ہاتھوں میں جانے سے بچ گئے۔

(جاری ہے)

انہوں نے نیب کے سیکورٹی گارڈ عابد حسین کو شاباش دی اور امید ظاہرکی کہ وہ اوران کے دوسرے ساتھی بھی اسی جذبے کے تحت ڈائریکٹر انٹیلی جینس اینڈ ویجیلینس نیب کی سربراہی میں کام کرتے رہیں گے۔چئیرمین نیب نے نیب ہیڈ کوارٹرز کی عمارت سے انتہائی حساس اور اہم نوعیت کے سرکاری کاغذات باہر لے جانے کی کوشش کرنے والے افسر کے خلاف انکوائری کا حکم دیا ہے۔

متعلقہ عنوان :