ہم سیاسی تشدد پر یقین نہیں رکھتے امن کے متلاشی ہیں،فواد چوہدری

اگر انتخابی مہم مناسب طریقے سے آگے چلے بغیر سیاسی عمل آگے نہیں چل سکتا، ہم عمران خان کی جانب سے احسن اقبال کیلئے محبت کا پیغام لے کر آئے ہیں ،یہ جمہوریت کا حسن ہے جس میں اپنی غلطیوں پر نظرہوتی ،شکر ہے احسن اقبال کی زندگی بچ گئی وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال کی عیادت کے بعدتحریک انصاف کے رہنمائوں کی میڈیا سے گفتگو

پیر مئی 21:43

ہم سیاسی تشدد پر یقین نہیں رکھتے امن کے متلاشی ہیں،فواد چوہدری
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 07 مئی2018ء) پاکستان تحریک انصاف کے ترجمان فواد چوہدری نے کہا ہے کہ ہم سیاسی تشدد پر یقین نہیں رکھتے،ہم امن کے متلاشی ہیں،ہم نے امن کا پیغام دیا ہے،اگر انتخابی مہم مناسب طریقے سے آگے نہیں چلے گی تو اس سے سیاسی عمل آگے نہیں چل سکتا جبکہ ابرار الحق نے کہا کہ ہم عمران خان کی جانب سے احسن اقبال کیلئے محبت کا پیغام لے کر آئے ہیں ،یہ جمہوریت کا حسن ہے جس میں اپنی غلطیوں پر نظرہوتی ہے، اللہ کا شکر ے کہ احسن اقبال کی زندگی بچ گئی۔

پیر کو وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال کی عیادت کے بعد پاکستان تحریک انصاف کے رہنمائوں نے میڈیا سے گفتگو کی، فواد چوہدری نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ سیاست آگے بڑھے، ہم امن کے متلاشی ہیں، ہم نے امن کا پیغام دیا ہے، انتخابی مہم کا پر امن ہونا ضروری ہے، اس واقعہ سے سیاستدانوں اور سیاسی جماعتوں میں سراسیمگی دوڑ گئی ہے، اگر انتخابی مہم مناسب طریقے سے آگے نہیں چلے گی تو اس سے سیاسی عمل آگے نہیں چل سکتا، ہم سیاسی تشدد پر یقین نہیں رکھتے۔

(جاری ہے)

ابرار الحق نے کہا کہ ہم تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی جانب سے احسن اقبال کیلئے محبت کا پیغام لے کر آئے ہیں اور ان کو پھولوں کا گلدستہ پیش کیا ہے، ہمیں سیاسی کارکنوں کو امن کا پیغام دینا ہے تا کہ آئندہ اس قسم کے پیغامات سے بچا جا سکے، سیاست میں اپنی پالیسیوں پر نظرثانی کی جا سکتی ہے، یہ جمہوریت کا حسن ہے جس میں اپنی غلطیوں پر نظرہوتی ہے، ہم چاہتے ہیں کہ انتخابات پر امن ماحول میں ہوں، تحریک انصاف تشدد کی سیاست پر یقین نہیں رکھتی۔ انہوں نے کہا کہ اللہ کا شکر ے کہ احسن اقبال کی زندگی بچ گئی، ہم پر امن ماحول میں انتخابات چاہتے ہیں۔