حافظ آباد، گرجا گھر چوک سے مسلح افراد نے ایک شخص کواغواء کرلیا

پیر 7 مئی 2018 22:52

حافظ آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 07 مئی2018ء) حافظ آباد شہر کے گنجان آباد علاقہ گرجا گھر چوک سے دن دیہاڑے 8سے زائد ملزمان ایک شخص کو اسلحہ کے زور پر گاڑی میں ڈال کر اغواء کرلے گئے۔ ملزمان نے چند روز قبل بھی مغوی کے گھر دھاوا بول کر وہاں پر نہ صرف اہل خانہ کو شدید تشد د کا نشانہ بنایا تھا بلکہ سوالاکھ سے زائد مالیت کا سامان تور پھوڑ دینے کے علاوہ گھر کے باہر کھڑے رکشہ کو بھی آگ لگادی تھی۔

جس پر پولیس تھانہ سٹی نے 10ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کیا تھا لیکن پولیس کی جانب سے کسی ایک ملزم کی بھی گرفتار ی عمل میںنہ آسکی تھی۔تفصیلات کے مطابق بھلوال کے رہائشی ملزمان افتخار، وقار وغیر کی ہمشیرہ بلوشہ نے اپنی مرضی سے مزمل حسین ولد محبو ب حسین کے بھائی محسن علی کے ساتھ شادی کرلی تھی۔

(جاری ہے)

جس پر گذشتہ روز8سے زائد ملزمان افتخاراحمد، وقار احمد پسران ذوالفقار سکنہ بھلوال دوگاڑیوں میں آئے اور دن دیہاڑے گرجا چوک حافظ آباد میں واقع ایک ہوٹل سے مزمل حسین کو اسلحہ کے زور پر کار میں ڈال کر اغواء کرلے گئے۔

مغوی کے بھائی گل شیر علی نے پولیس کو درخواست دیتے ہوئے الزام عائد کیا ہے کہ اسے ڈر ہے کہ ملزمان اس کے بھائی کو قتل کردیں گے۔ یہاںیہ امر قابل ذکر ہے کہ چند روز قبل بھی 10مسلح ملزمان افتخار، وقار،ا شفاق ، الیاس، توقیر وغیر سکنہ بھلوال دو گاڑیوں میں مسلح ہوکر محلہ حسن ٹائون آئے جہاں انہوں نے مزمل حسین کے والد محبوب حسین کے گھر داخل ہوکر ہوائی فائرنگ کرتے ہوئے خواتین کو تشدد کانشانہ بنایا ۔اور گھر میں سوالاکھ سے زائد کے سامان کی توڑ پھوڑ کرتے ہوئے باہر کھڑے رکشہ کو بھی آگ لگا دی تھی جس پر پولیس تھانہ سٹی نے دس ملزمان کیخلاف مقدمہ درج کیا تھا۔ پولیس تاحال کسی ملزم کو گرفتار نہ کرسکی ہے۔