ایوان بالا اجلاس میں بجٹ 2018-19ء پر بحث جاری

اگر ہم اپنے ملک کے سیاحتی مقامات کو محفوظ کرلیں تو سیاحت کو فروغ حاصل ہوگا ، صحت کارڈ بہترین سکیم ہے ، سینیٹر کلثوم پروین �صد شرح نمو جو بتائی گئی ہے وہ غلط ہے، گنے کی فصل بڑھی ہے لیکن کپاس کی کم ہوگئی ہے۔ اعداد و شمار درست پیش نہیں کئے گئے، سینیٹر محسن عزیز سارا بجٹ اور سارے محاصل ایک صوبے اور علاقے تک محدود نہیں ہونے چاہئیں، جہاں کام ہوا ہے وہاں نظر آرہا ہے لیکن دھرتی ماں کو سب کا خیال رکھنا چاہیے، آج بجٹ میں عوام کے لئے کچھ نہیں ہوتا بلکہ ان سے کچھ لیا جاتا ہے۔ بجٹ میں دیئے گئے اعداد و شمار درست نہیں۔ بھاری بجٹ خسارہ کہاں سے پورا ہوگا، ایمنسٹی سکیم سے ٹیکس دہندگان کی حوصلہ شکنی ہوئی، حکومت کا مینڈیٹ نہیں تھا لیکن اگلے سال کا بجٹ بنا دیا۔ ملک کو قرضوں کے دلدل سے نکالنا بہت مشکل ہوگا،شبلی فراز،سینیٹر خوش بخت شجاعت ، رحمن ملک و دیگر سینیٹر ز کا بجٹ پر بحث کے دوران اظہار خیال

پیر 7 مئی 2018 22:52

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 07 مئی2018ء) ایوان بالا کے اجلاس میں بجٹ 2018-19ء پر بحث میں حصہ لیتے ہوئے سینیٹر کلثوم پروین نے کہا کہ اگر ہم اپنے ملک کے سیاحتی مقامات کو محفوظ بنالیں تو سیاحت کو فروغ حاصل ہوگا‘ صحت کارڈ بہترین سکیم ہے لیکن اس کے تحت ایسے ہسپتالوں کو شامل کیا جائے جو بہترین ہیں۔ کوئٹہ میں بہت اچھا ایئرپورٹ بنا ہے‘ وزیراعظم نے افتاح بھی کردیا ہے یہ احسن اقدام ہے لیکن سہولیات میں اضافہ کیا جائے۔

سینیٹر محسن عزیز نے کہا کہ 5.8 فیصد شرح نمو جو بتائی گئی ہے وہ غلط ہے۔ گنے کی فصل بڑھی ہے لیکن کپاس کی کم ہوگئی ہے۔ اعداد و شمار درست پیش نہیں کئے گئے۔ ہر سال سرکلر ڈیٹ کی مد میں رقم بڑھتی جارہی ہے۔ اسلام آباد کا نیا ایئرپورٹ 6 گنا قیمت پر تعمیر ہوا ہے۔

(جاری ہے)

سینیٹر خوش بخت شجاعت نے کہا کہ سارا بجٹ اور سارے محاصل ایک صوبے اور علاقے تک محدود نہیں ہونے چاہئیں۔

جہاں کام ہوا ہے وہاں نظر آرہا ہے لیکن دھرتی ماں کو سب کا خیال رکھنا چاہیے۔ بجٹ میں خرابیاں بھی ہیں اور اچھائیاں بھی ہیں۔ عام آدمی کی زندگی میں آسانی آنی چاہیے۔ بجٹ خواہ کیسا بھی ہو ہمیں اپنے عوام کی زندگیوں میں بہتری لانے کیلئے کام کرنا چاہیے۔ سینیٹر رحمن ملک نے کہا کہ آج بجٹ میں عوام کے لئے کچھ نہیں ہوتا بلکہ ان سے کچھ لیا جاتا ہے۔

بجٹ میں دیئے گئے اعداد و شمار درست نہیں۔ بھاری بجٹ خسارہ کہاں سے پورا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ دنیا منی لانڈرنگ کو روک رہی ہے اور ہم اسے دو فیصد لے کر جائز کر رہے ہیں۔ سیاحت کے لئے بجٹ میں کچھ نہیں رکھا گیا۔ سینیٹر کہودا بابر نے کہا کہ گوادر اور بلوچستان میں پینے کے پانی سمیت بنیادی سہولیات نہیں ہیں۔ پورے پاکستان کو سوچنا ہوگا کہ گوادر اور بلوچستان کو بنائیں گے تو پاکستان بنے گا۔

سی پیک کے منصوبے صرف پنجاب کے لئے لائے گئے۔ بلوچستان والے ترقی کے مخالف نہیں لیکن ہمیں بھی یہ ترقی چاہیے۔ 2004ء میں گوادر کے لئے 25 ارب روپے رکھے گئے تھے‘ ابھی تک اس میں سے 15 ارب کی رقم نہیں ملی۔ میں اس بجٹ کو نہیں مانتا اس کے خلاف واک آئوٹ کرتا ہوں اس کے ساتھ ہی وہ ایوان سے واک آئوٹ کرگئے۔ چیئرمین سینٹ نے حکومت کو ہدایت کی کہ واک آئوٹ کرنے والے رکن کو منا کر ایوان میں لائیں۔

شبلی فراز نے کہا کہ بجٹ خسارہ بہت زیادہ ہے۔ ایمنسٹی سکیم سے ٹیکس دہندگان کی حوصلہ شکنی ہوئی۔ حکومت کا مینڈیٹ نہیں تھا لیکن اگلے سال کا بجٹ بنا دیا۔ ملک کو قرضوں کے دلدل سے نکالنا بہت مشکل ہوگا۔ ہماری جماعت نے جو 11 نکات دیئے ہیں وہ ہماری ترجیحات ہیں۔ پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ کی وزارت کا برا حال ہے۔ اس میں نہ پلاننگ ہے نہ ڈویلپمنٹ‘ ہمیں حکومت کے سائز کو کم کرنا ہوگا۔

نجی شعبہ کو مراعات دینا ہوں گی۔ حکومت کا ہر معاملے میں دخل ہے اسے ختم کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ آرٹس اینڈ کلچر کے لئے بہت کم رقم مختص کی گئی ہے۔ سینیٹر بہرہ مند خان نے کہا کہ تنخواہوں میں 10 فیصد اضافہ ناکافی ہے۔ 30 فیصد اضافہ کیا جائے۔ نئے بجٹ میں زرعی شعبے کو نظر انداز کیا گیا۔ کھادوں کی قیمت میں کمی کی جائے۔ سینیٹر رانا مقبول نے کہا کہ بجٹ بہترین ہے‘ عوام کو ریلیف دیا گیا ہے۔ ایکسپورٹس بڑھانے کے لئے کمرشل اتاشیوں کو ٹاسک دیئے جائیں۔ لیبر قوانین پر عمل کرلیا جائے۔ ۔