اب غریبوں کیلئے بھی گھر بنانے کا خواب پورا ہونے کا امکان پیدا ہوگیا

وفاقی حکومت کی جانب سے اعلان کردہ ٹیکس ایمنسٹی اسکیم کے باعث رئیل اسٹیٹ شعبہ کی قیمتوں میں بڑی کمی واقع ہونے کا امکان

muhammad ali محمد علی پیر 7 مئی 2018 20:43

اب غریبوں کیلئے بھی گھر بنانے کا خواب پورا ہونے کا امکان پیدا ہوگیا
لاہور(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔07 مئی 2018ء) وفاقی حکومت کی جانب سے اعلان کردہ ٹیکس ایمنسٹی اسکیم کے باعث اب غریبوں کیلئے بھی گھر بنانے کا خواب پورا ہونے کا امکان پیدا ہوگیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق وفاقی حکومت کی جانب سے کچھ ہفتے قبل متنازعہ ٹیکس ایمنسٹی اسکیم کا اعلان کیا گیا تھا۔ اس اسکیم کے تحت ٹیکس ادا نہ کرنے والوں کو موقع فراہم کیا گیا ہے کہ وہ اپنے ظاہر نہ کیے گئے اثاثوں پر تھوڑا بہت ٹیکس ادا کرکے اپنی دولت کو قانونی حیثیت دے سکتے ہیں۔

حکومت کی اس اسکیم پر ناقدین نے شدید تنقید کرتے ہوئے موقف اختیار کیا ہے کہ یوں پیسہ چوری کرنے والوں کو قانونی تحفظ فراہم کیا جا رہا ہے۔ جبکہ دوسری جانب اس اسکیم میں ایک ایسا منصوبہ بھی شامل کیا گیا ہے کہ جس کے باعث پاکستان میں رئیل اسٹیٹ شعبہ کی قیمتوں میں بڑی کمی واقع ہونے کا امکان ہے۔

(جاری ہے)

حکومت نے پابندی عائد کی ہے کہ نئے مالی سال کے آغاز کے بعد 40 لاکھ مالیت سے زائد کی جائیداد صرف وہ لوگ خرید سکیں گے جو باقاعدگی سے ٹیکس ادا کرتے ہوں گے۔

جو لوگ بشمول بیرون ممالک مقیم پاکستانیوں کے، ٹیکس ادا نہیں کرتے یا انہوں نے این ٹی این نمبر حاصل نہیں کیا ہوا، وہ 40 لاکھ مالیت سے زائد کی جائیداد خریدنے کے اہل نہیں ہوں گے۔ اس کے علاوہ حکومت نے خریدی گئی جائیداد پر عائد ایڈجسٹ ایبل انکم ٹیکس میں کمی کر دی ہے۔ نئے مالی کے آغاز کے بعد سے جائیداد خریدنے والوں کو کل جائیداد کی قیمت کا صرف ایک فیصد بطور ایڈجسٹ ایبل انکم ٹیکس ادا کرنا ہوگا۔

اس کے علاوہ حکومت نے جائیدادوں پر عائد دیگر بیشتر ٹیکس بھی ختم کرنے کا اعلان کیا ہے۔ ان ٹیکسوں میں اسٹامپ ڈیوٹی، کیپیٹل ویلیو ٹیکس اور دیگر شامل ہیں۔ اس حوالے سے ماہرین معیشت کی جانب سے کہا گیا ہے کہ حکومت کا یہ اقدام قابل تعریف ہے۔ اس اقدام کی بدولت غیر قانونی دولت اکٹھی کرنے والوں کو اپنی دولت چھپانے کیلئے رئیل اسٹیٹ شعبے کے استعمال سے روکا جا سکے گا۔ یوں پھر جن زمینوں اور گھروں کی قیمتیں ان کی اصل قدر سے کہیں زیادہ ہیں، ان میں کمی واقع ہو جائے گی۔ ایسا ہونے کی صورت میں متوسط طبقہ بھی اپنا گھر تعمیر کرنے کی پوزیشن میں آجائے گا۔

متعلقہ عنوان :