جاں بحق کان کنوں کے ورثاء کیلئے معقول معاوضہ دیاجائے،قومی وطن پارٹی شانگلہ

پیر مئی 22:18

شانگلہ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 07 مئی2018ء) شا نگلہ میں قومی وطن پارٹی کے ضلعی چیئر مین ڈاکٹر سجاداحمدخان، جنرل سیکرٹری شاہ سعودخان ایڈوکیٹ نے کوئٹہ بلوچستان میں ضلع شانگلہ کے جان بحق کوئلہ کان مزدوروں کیلئے صوبائی حکومت کے اعلان کردہ معاوضہ کو مضحکہ خیز قرار دیتے ہوئے اس کی پرزور الفاظ میں مذمت کی ہے اور صوبائی حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ جاں بحق ہونے والے مزدوروں کو معقول معاوضہ دیا جائے ،کوئلے کان مزدوروں کے حقوق کیلئے قومی وطن پارٹی اپنے کارکنوں کو سڑکوں پر لاکر احتجاج کرینگے شانگلہ میں ہونے والے سانحہ کو بھولا نہیں جائے گا قومی وطن پارٹی کے ملی رہبر آفتاب شیر پاؤ شانگلہ کوئلہ کان کے غریب مزدوروں کیلئے مرکزی ایوان میں آواز اُٹھائنگی- وہ شانگلہ پریس کلب الپوری میں پیر کے روز ہنگامی و پرہجوم پریس کانفرنس سے خطاب کررہے تھے ۔

(جاری ہے)

اس موقع پرکیو ڈبلیو پی شانگلہ کے سینئر رہنمائوں مہابت شاہ خان ایڈووکیٹ ،معمبرخان،عبدالصبور ایڈووکیٹ سمیت وطن پال کے رہنمائوں کے علاوہ کیو ڈبلیو پی کے صوبائی رہنماء اور چیئرمین صوابی مسعود جبار اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔ انھوں نے کہا کہ سانحہ کوئٹہ نے شانگلہ کے عوام کو جھنجوڑ کر رکھدیا ہے ،سانحہ کی وجہ سے پوری شانگلہ کی فضاء سوگوار ہے، حسب روایت ہم نے اس سال بھی لاشوں کا ایک بھاری کھیپ وصول کیا ہے۔

انھوں نے سانحہ کی ذمہ داری محکمہ معدنیات پر عائد کرتے ہوئے کہا کہ مائن انسپکٹر کی ذمہ داری ہے کہ مزدوروں کو کام پر جانے پہلے مائن کو کلئر قرار دیں۔انھوں نے مطالبہ کیا کہ معاوضے کا پرانا طریقہ کا رانتہائی پیچیدہ اور مشکل ہے معاوضہ ڈپٹی کمشنر شانگلہ کی توسط سے دیا جائے اس موقع پر جان بحق ہونے والے مزدوروں کی ایصال ثواب کیلئے فاتحہ خوانی کی گئی۔

ان رہنمائوں نے کہا کہ غمزدہ خاندان کے ساتھ شانہ بہ شانہ کھڑے ہیں اور ہرفورم پر ان کے حقوق کیلئے آواز اٹھائیں گے۔ انھوں نے کہا کہ شانگلہ میں یہ پہلا واقعہ نہیں ہے اس سے پہلے بھی تحصیل چکیسر سے تعلق رکھنے والے دس مزدور سعودی عرب میں جان بحق ہو گئے تھے لیکن تا حال صوبائی حکومت کی جانب سے ان کو معاوضہ نہیں دیا گیا ہے جبکہ لیلونئی کے علاقہ کس میںدرجنوں مکانات جل راکھ کے ڈھیر میں تبدیل ہونے مکانات کے مالکان کو پانچ لاکھ روپے دینا ان کے مذاق اڑانے کے مترادف ہے۔