پرائیویٹ سکولزریگولیٹراٹھارٹی کی22نجی سکولوں کے اکائونٹس منجمدکرنے کی سفارش

پیر 7 مئی 2018 22:22

پشاور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 مئی2018ء) پرائیوٹ سکولز ریگولیٹری اتھارٹی کے مینجنگ ڈائریکٹر سید ظفر علی شاہ نے تمام پرائیوٹ سکولزمالکان کو ہدایت کی ہے کہ وہ پی ایس آر اے ریگولیشنز 2018اور پشاور ہائی کورٹ کے فیصلے کے تحت طلبہ و طالبات کو نومبر 2017 کے بعد فیسوں میں اضافہ کی مد میںلی گئی رقم کی اگلے مہینوں میں ایڈجسٹمنٹ کو یقینی بنائیں تاکہ بچوں کے والدین کو فوری ریلیف مہیا ہو سکے۔

انہوں نے واضح کیا کہ اتھارٹی خلاف ورزی کے مرتکب بڑے نجی سکولوں کے آپریشنل اکاؤنٹس بند کرنے کا بھی سنجیدگی سے جائزہ لے رہی ہے جس کیلئے سٹیٹ بنک آف پاکستان کو سفارش کی جائے گی۔ انہوں نے اس بات پر افسوس کا اظہار کیا کہ اتھارٹی کی جانب سے متعدد بار سرکلرز اور میڈیانوٹسز کے باوجود متعدد ادارے نہ تو ایک سے زائد بہن بھائیوں کی فیسوں میں رعایت کی پالیسی پر عمل کر رہے ہیں اور نہ ہی چھٹیوں کی فیسوں میں رعایت دے رہے ہیں اس کے بر عکس مختلف ہتھکنڈوں سے والدین سے اضافی فیس وصول کرنے کی کوشش کر رہے ہیں جن کی شکایات اتھارٹی کو موصول ہو ئی ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ جن اداروں نے نومبر 2017کے بعد کسی بھی قسم کی فیسوں میں اضافہ کیا وہ توہین عدالت کے مرتکب ہو رہے ہیں لہٰذا فوری طور پر والدین کو اضافی رقم واپس یا ایڈجسٹ کریں انہوں نے اس سلسلے میں اتھارٹی کے اہلکاروں کو بھی فعال کردار ادا کرنے کی ہدایت کی ہے۔ وہ پشاور میں اتھارٹی کے ڈائیریکٹرز کے اجلاس سے خطاب کر رہے تھے۔ شرکاء میں ڈائریکٹر آپریشن یاسر حسن، ڈائریکٹر ایڈمن ہدایت اللہ، ڈپٹی ڈائریکٹرز سہیل عزیز، نواز عالم خان، رضوان اللہ اور اسسٹنٹ ڈائریکٹر شہباز خٹک شامل تھے۔

سید ظفر علی شاہ نے واضح کیا کہ جن نجی تعلیمی اداروںنے پشاور ہائی کورٹ کے فیصلے اور اتھارٹی کے ریگولیشنز پر عمل نہیں کیا ان کے فنانشل اکاؤٴنٹس کو بند کرنے کے لئے سٹیٹ بنک آف پاکستان کو پشاور ہائی کورٹ کے احکامات کی روشنی میں سفارش کی جائے گی تاکہ جب تک یہ ادارے اتھارٹی کے جاری کردہ سرکلر پر عمل کو یقینی نہیں بناتے تو پہلے اقدام کے طور پر ان کے اکاؤنٹس بند کئے جائیں گے اتھارٹی کے ایم ڈی نے والدین سے بھی درخواست کی کہ کسی بھی تعلیمی ادارے میں نقد فیس جمع نہ کرائیں بلکہ اسے سکولز کے اکاونٹ میں جمع کیا جائے ۔

ابتدائی طور پر جن اداروں کے بنک اکاؤنٹ بند کئے جا رہے ہیں ان میں پشاور ماڈل سکول ، پشاور گرامر، ورسک ماڈل، فرنٹیئر ماڈل ، سرسید سکول، رے سین سکول سسٹم، بیکن ہاؤس سکول سسٹم، سٹی سکولز، روٹس، آئی ایل ایم، اقراء روضتہ ا لاطفال، بلوم فیلڈ، قدیم لومیئر، قائد اعظم پبلک سکول، سمارٹ سکول ، الائیڈ سکولز، سینٹ فرنسس، ایف سی اے، آئی سی ایم ایس، لاہور لائسیم، سینٹ میری اور پاک ترک سکول شامل ہیں۔ اتھارٹی کے زیر اہتمام مزید سروے بھی جاری ہے ۔