آج شہر میں اگر امن ہے تو پیپلزپارٹی کو اس کا کریڈٹ نہیں لینا چاہئے ، وسیم اختر

امن کمیٹی ، گینگ وار اور عزیر بلوچ کوکراچی کے لوگ نہیں بھولے جنہوں نے 90 فیصد شہر کو یرغمال بنارکھا تھا،جب کراچی پر بدامنی کا راج تھا اور جمع کیا جانے والا بھتہ کہاں جا رہا تھا سب کو معلوم ہے،میئر کراچی

پیر 7 مئی 2018 23:05

آج شہر میں اگر امن ہے تو پیپلزپارٹی کو اس کا کریڈٹ نہیں لینا چاہئے ..
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 07 مئی2018ء) میئر کراچی وسیم اختر نے کہا ہے کہ آج شہر میں اگر امن ہے تو پیپلزپارٹی کو اس کا کریڈٹ نہیں لینا چاہئے کیونکہ یہ کریڈٹ رینجرز کا ہے جو میدان میں آکر دہشت گردوں اور امن دشمنوں سے لڑے، امن کمیٹی ، گینگ وار اور عزیر بلوچ کوکراچی کے لوگ نہیں بھولے جنہوں نے 90 فیصد شہر کو یرغمال بنارکھا تھا جب کراچی پر بدامنی کا راج تھا اور جمع کیا جانے والا بھتہ کہاں جا رہا تھا سب کو معلوم ہے ،جب کراچی آپریشن کافیصلہ ہوا تو تمام سیاسی پارٹیوں نے نہ صرف اس کی حمایت کی تھی بلکہ بھرپور تعاون کا یقین بھی دلایا تھا، یہ بات انہوں نے پیر کے روز قیوم آباد تا اقراء یونیورسٹی مین کیمپس روڈ کے تعمیراتی کاموں کے معائنے کے موقع پر میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہی،انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی کراچی میں امن و امان کی بحالی کا کریڈٹ کس منہ سے لے رہی ہے ، پیپلز پارٹی کی ذیلی تنظیم امن کمیٹی اور عزیر بلوچ نے تو رینجرز کے لوگوں کو شہید تک کیا ہے اور لاتعداد مرتبہ قانون نافذ کرنے والے اہلکاروں پر حملے کئے ہیں اور انہیں فائرنگ کرکے شہید کیا ہے، پورا شہر جانتا ہے کہ کراچی میں 90 فیصد دہشت گردی امن کمیٹی اور گینگ وار میں شامل گروپ کی طرف سے کی گئی جس کے دوران نہتے اور بے گناہ شہریوں کو انتہائی سفاکی کے ساتھ شہید کیا گیا، گینگ وار اور عزیر بلوچ کے لوگ پورے شہر میں بھتے کی پرچیاں تقسیم کرکے بھتہ وصول کرتے تھے ، انہوں نے کہا کہ کراچی کے شہری جانتے ہیں کہ انہیںکس کو ووٹ ڈالنا ہے، 2018 ء کے الیکشن سب ثابت کردیں گے اور انتخابات کے نتیجے میں حق و باطل کا فیصلہ ہوجائے گا، انہوں نے کہا کہ کراچی کے لوگ شہر میں امن چاہتے ہیں اور وہ ہرگز ایسے عناصر کی پشت پناہی کرنے والوں کا ساتھ نہیں دیں گے جنہوں نے ماضی میں شہر کا امن برباد کیا اور بے قصور شہریوں کے خون سے ہولی کھیلتے رہے، انہوں نے کہا کہ تمام تر صورتحال کے باوجود ہم نے شہر میں ترقی و خوشحالی کے لئے شہریوں کے مسائل حل کرنے کا بیڑا اٹھایا ہے اور مکمل نیک نیتی کے ساتھ شروع ہونے والا یہ سفر جاری رہے گا ، ہم صرف سیاست ہی نہیں کر رہے بلکہ عوام کی خدمت بھی کر رہے ہیں ۔

#