وطن عزیز میں تشدد اور مفادات کی سیاست کا خاتمہ چاہتے ہیں، وفاقی وزیر داخلہ پر حملہ قابل مذمت ہے، ملی مسلم لیگ

پیر 7 مئی 2018 23:08

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 مئی2018ء) ملی مسلم لیگ کے رہنمائوں نے کہا ہے کہ وطن عزیز میں تشدد اور مفادات کی سیاست کا خاتمہ چاہتے ہیں۔ وفاقی وزیر داخلہ پر حملہ قابل مذمت ہے، سیاست میں تشدد اور گالم گلوچ کا راستہ روکنا ہوگا۔ کشمیر میں پروفیسر سمیت نہتے کشمیریوں کی شہادت لمحہ فکریہ ہے۔ پاکستان کی طرف سے بھارت کو مضبوط پیغام جانا چاہیے۔

ملی مسلم لیگ نظریہ پاکستان کی بنیاد پر سیاسی جماعتوں کے ساتھ الیکشن میں اتحاد کرے گی۔ آنے والے الیکشن میں پاکستان دشمنوں کو میدان سیاست میں شکست سے دوچار کریں گے۔ ان خیالات کا اظہار ملی مسلم لیگ پاکستان کے نائب صدر مزمل اقبال ہاشمی اور مرکزی رہنما فیصل ندیم نے پنڈی چوک اختر کالونی میں بڑے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

جس میں اہل علاقہ اور ملی مسلم لیگ کے کارکنان نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

مزمل اقبال ہاشمی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تہذیبی جنگ کے مقابلے کے لیے بائیس کروڑ پاکستانیوں کو متحد ہونا پڑے گا۔ پاکستان کا آئین ہمیں سیاسی پارٹی رجسٹرڈ کرنے کے حق کی ضمانت دیتا ہے۔ الیکشن کمیشن ملی مسلم لیگ کو رجسٹرڈ کر کے ہمیں بنیادی حق دے۔ ملی مسلم لیگ نظریہ پاکستان کی سیاست پر یقین رکھتی ہے۔ ہم پارٹی بازری، فرقہ واریت، دھڑے بندی کا منشور لے کر نہیں آئے بلکہ اتحاد کا منشور لے کر آئے ہیں۔

الیکشن کرسی کے حصول کے لیے نہیں بلکہ ملک و قوم کی خدمت کے لیے لڑیں گے۔ملی مسلم لیگ کے مرکزی رہنما فیصل ندیم نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے اپنے منشور میں اس بات کا عزم کیا ہے کہ نوجوانوں کو دفاع پاکستان کے لیے تیار کریں گے۔ پورے پاکستان میں ہماری قیادت کے خلاف کوئی ایف آئی آر درج نہیں نہ کبھی ہم نے قانون شکنی کی۔ پھر کس بنیاد پر رجسٹریشن کی راہ میں روڑے اٹکائے جا رہے ہیں۔ امریکا انڈیا گٹھ جوڑ ہمارے خلاف سازشوں میں مصروف ہے۔ لیکن ہم نظریہ پاکستان کے تحفظ اور مسئلہ کشمیر کے پرامن حل کی بات کرتے رہیں گے۔