پی ٹی ایم کیساتھ مذاکرات کیلئے قائم22رکنی جرگے کااجلاس

منظورپشتین نے جرگے کیساتھ کوئی رابطہ نہیں کیا،آئندہ کالائحہ عمل طے کرنے کیلئے جرگے کا دوبارہ اجلاس10مئی کوہوگا،بریفنگ

پیر 7 مئی 2018 23:11

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 مئی2018ء) پشتون تحفظ مومنٹ (پی ٹی ایم )کے ساتھ مذاکرات کیلئے ایپکس کمیٹی کے اجلاس کے تناظرمیں قائم 22رکنی جرگے کا پشاورمیں ایک اجلاس منعقد ہوا ۔جرگے میں فاٹاسے تعلق رکھنے والی تمام ایجنسیوں کے ایم این ایز،قبائیلی مشران اور ملکان سمیت خیبرپختونخواحکومت سے وزیراطلاعات شاہ فرمان نمائندگی کررہے ہیں۔

جرگہ کمیٹی کے اراکین نے میڈیاکواجلاس کی تفصیلات بتاتے ہوئے رکن قومی اسمبلی شاہ جی گل نے کہا کہ پشتون تحفظ مومنٹ کے لیڈر منظور پشتین نے ابھی تک جرگے کیساتھ کوئی رابطہ نہیں کیاہے اس لئے جرگے کا 10مئی کو دوبارہ اجلاس بلایا گیاہے جس میں آگے کا اپنا لائحہ عمل پیش کیا جا ئے گا۔انہوں نے کہاکہ منظورپشتین کے ساتھ رابطے کیلئے جرگے نے چار ارکان پر مشتمل کمیٹی بنا دی ہے ،منظور پشتین کو ہم ضمانت بھی دیں گے جب وہ ہمارے ساتھ بیٹھے پر رضامند ہو جائیں گے امید ہے انکے ساتھ تمام مسائل حل ہوجائیں گے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ پشتون تحفظ مومنٹ کی طرف سے جرگے کومستردکرنیوالی بات غلط ہے اس حوالے سے منظورپشتین کے ساتھ غلط فہمیاں پیداکی گئی ہے ۔ واضح رہے کہ جرگے میں خیبرایجنسی سے شاہ جی گل،جنوبی وزیرستان سے ملک علاوالدین،ایف آر پشاورسے ملک فدا محمد ایف آرشامل ہیں جرگہ میں پی ٹی ایم کے نمائندے شامل نہیں،جرگہ اجلاس میں وزیرداخلہ احسن اقبال پرقاتلانہ حملے کی مذمت ا ور ان کی جلد صحت یابی کیلئے دعاکی گئی ۔