کوٹلی پائیں میں تیز رفتار ٹیوٹا نے موٹر سائیکل سوار کو کچل دیا، 20 سالہ نوجوان جاں بحق، خالہ زاد بھائی زخمی ہو گیا

پیر 7 مئی 2018 23:13

مانسہرہ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 مئی2018ء) کوٹلی پائیں میں تیز رفتار ٹیوٹا نے موٹر سائیکل سوار کو کچل دیا، اچھڑیاں کا رہائشی 20 سالہ نوجوان موقع پر جاں بحق، خالہ زاد بھائی شدید زخمی ہو گیا، گاڑی کا ڈرائیور موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا، زخمی احسان الله کو تشویشناک حالت میں ایوب ٹیچنگ ہسپتال ایبٹ آباد ریفر کر دیا گیا ہے، پولیس نے ٹیوٹا حراست میں لیکر مقدمہ درج کر کے ڈرائیور کی تلاش شروع کر دی ہے، حادثہ ٹیوٹا ڈرائیور کی غلط اوور ٹیک کے باعث پیش آیا۔

ذرائع کے مطابق کوٹلی پائیں کے قریب شاہراہ ریشم پر مانسہرہ سے بٹگرام جانے والا ٹیوٹا نمبر 2285 نے غلط اوورٹیک کرتے ہوئے مخالف سمت سے آنے والے موٹر سائیکل کو کچل دیا جس کے نتیجہ میں اچھڑیاں شہر کے رہائشی محمد نصیر کوچ ڈرائیور کا جواں سالہ بیٹا حمزہ نصیر عرف ارمان خان موقع پر جاں بحق ہو گیا جبکہ اس کا خالہ زاد بھائی احسان الله ولد گوہر آمان سکنہ چھترپلین شدید زخمی ہو گیا۔

(جاری ہے)

مقامی افراد نے موقع پر پہنچ کر شدید زخمی احسان الله کو آر ایچ سی شنکیاری پہنچایا جہاں ابتدائی طبی امداد کے بعد اسے ایوب میڈیکل کمپلیکس ایبٹ آباد ریفر کر دیا گیا جہاں زخمی احسان الله کی حالت تشویشاک بتائی جاتی ہے۔ گاڑی ڈرائیور اختر زیب موقع سے فرار ہو گیا۔ بفہ پولیس نے اطلاع ملتے ہی موقع پر پہنچ کر گاڑی کو حراست میں لیکر مقدمہ درج کر کے ڈرائیور کی تلاش شروع کر دی ہے۔