محمد سلیمان خان انٹیلی جنس بیورو کے نئے سربراہ مقرر،ْ(کل)ذمہ داریاں سنبھالیں گے

پیر 7 مئی 2018 23:33

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 مئی2018ء) وفاقی حکومت نے ڈاکٹر محمد سلیمان خان کو سول انٹیلی جنس ایجنسی انٹیلی جنس بیوروکا سربراہ مقرر کردیا۔حکومت کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق ڈاکٹر محمد سلیمان خان کو ڈائریکٹر جنرل آئی بی مقرر کردیا گیا ہے اور انہیں گریڈ 21 سے گریڈ 22 میں ترقی بھی دے دی گئی ہے۔ڈاکٹر سلیمان خان اس سے قبل آئی بی میں جوائنٹ ڈائریکٹر جنرل تعینات تھے اور وہ منگل 8 مئی کو نئے ڈی جی آئی بی کے طور پر ذمہ داریاں سنبھالیں گے۔

واضح رہے کہ ڈی جی آئی بی کا عہدہ گزشتہ ڈیڑھ ماہ سے آفتاب سلطان کی ریٹائرمنٹ کے بعد سے خالی تھا۔علاوہ ازیں پولیس سروس کے مہرخالق داد لک کو کمانڈنٹ نیشنل پولیس اکیڈمی تعینات کردیا گیا ہے، وہ اس سے قبل آئی بی میں تعینات تھے۔

(جاری ہے)

پاکستان ایڈمنسٹریٹو سروس کے ڈاکٹراعجاز منیر سیکریٹری ایوی ایشن ڈویڑن تعینات ہوگئے ہیں اور انہیں گریڈ 22 میں بھی ترقی دے دی گئی گئی۔

ڈاکٹراعجاز منیر اس سے قبل چیف سیکریٹری آزاد کشمیر تعینات تھے۔ اس کے علاوہ گریڈ 21 کے سید محمد طارق ہدیٰ ایڈیشنل سیکریٹری وزارت تجارت تعینات کردیا گیا ہے جبکہ گریڈ 19 کی افسر کلثوم کی ڈپٹی سیکریٹری پٹرولیم تعیناتی کا نوٹیفکیشن منسوخ کردیا گیا ہے۔اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کی جانب سے مذکورہ تبادلوں، تقرریوں اور ترقیوں کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا ہے۔

متعلقہ عنوان :