راولپنڈی، بارش کے باعث نشیبی سڑکوں اور گلیوں میں پانی بھر گیا

مری روڈ سمیت شہر کی اہم سڑکوں کے علاوہ گلیاں ، بازار اور رہائشی علاقے جوہڑوں کا منظر پیش کرتے رہے

پیر 7 مئی 2018 23:41

راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 07 مئی2018ء) ملک کے دیگر حصوں کی طرح راولپنڈی میں بھی اتوار اور پیر سے جاری بارش نے راولپنڈی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی واسا کے تمام دعووں کی قلعی کھول دی بارش کے باعث نشیبی سڑکوں اور گلیوں میں پانی بھر گیا کئی ہفتوں سے صفائی کی منتظر نالیاں ابل پڑیں جس سے شہر کے متعدد گنجان علاقوں میں ہر طرف گندگی اور غلاظت پھیلی رہی جبکہ عملہ صفائی مکمل طور پر غائب رہااور آر ڈبلیو ایم سی و واسا افسران منتخب مقامات پر فوٹو سیشن کروانے کے بعد آرام کرتے رہے ہفتہ اور اتوار سے وقفے وقفے سے جاری بارش اور پیر کے روز موسلا دھار بارش اور ژالہ باری کے باعث مری روڈ سمیت شہر کی اہم سڑکوں کے علاوہ گلیاں ، بازار اور رہائشی علاقے جوہڑوں کا منظر پیش کرتے رہے بارش کی وجہ سے 3روز سے مختلف علاقوں میں موجود کوڑا کرکٹ اور گندگی نہ اٹھائے جانے کے باعث ہر طرف غلاظت پھیلی رہی مساجد کے سامنے گندگی کے ڈھیروں کی وجہ سے نمازیوں کو بھی شدید مشکلات کا سامنا رہا ادھر آر ڈبلیو ایم سی سے جاری پریس ریلیز کے مطابق شہر میں ہونیوالی موسلا دھار بارش میں صفائی کے خصوصی انتظامات کئے گئے صفائی ورکرز کی اضافی تعداد شہر کے نشیبی علاقوں میں تعینات کی گئی،صفائی ورکرز نے برستی بارش میں ہی چھوٹی بڑی نالیوں کو اچھی طرح سے صاف کر دیا تاکہ شہر میں نکاسی آب کا کوئی مسئلہ پیدا نہ ہو،میئر راولپنڈی و چیئرمین راولپنڈی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی سردار محمد نسیم خان کی خصوصی ہدایات پر عمل کرتے ہوئے راولپنڈی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کی بروقت حکمت عملی کی بدولت شہر میں کہیں بھی نکاسی آب کا مسئلہ سامنے نہیں آیا ،جہاں چھوٹی موٹی شکایات سامنے آئیں ،وہاں راولپنڈی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے عملہ نے فوری طور پر کاروائی کرکے شکایت کو دور کردیا یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ پریس ریلیز میں میئر راولپنڈی سردار نسیم کا حوالہ دیا گیا جبکہ وہ ان دنوں عمرہ کی ادائیگی کے لئے حجاز مقدس میں ہیں۔