متحدہ مجلس عمل کا 13مئی کو مینار پاکستان پر جلسہ ماضی کے تمام جلسوں کو مات دے گا،رہنما ایم ایم اے

پیر 7 مئی 2018 23:44

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 07 مئی2018ء) جماعت اسلامی و متحد ہ مجلس عمل پاکستان کے سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ نے شا ہ اویس نورانی ،محمد خان لغاری پیر محفوظ مشہدی،ذکر اللہ مجاہد،علامہ ریاض درانی و دیگر کے ہمراہ13مئی کو لاہو ر میں مینار پاکستان پر متحدہ مجلس عمل کے زیرا ہتمام عظیم الشان جلسے کے انتظامات کے حوالے سے لاہور ڈویژن کے اضلاع شیخوپورہ،ننکانہ صاحب،قصورکے ذمہ دارا ن کے اجلاس کے بعد میڈیا کو پریس بریفنگ دیتے ہوئے کہاہے کہ متحدہ مجلس عمل کا 13مئی کو مینار پاکستان پر جلسہ ماضی کے تمام جلسوں کو مات دے گا۔

متحدہ مجلس عمل دولت کی سیاست کو شکست سے دوچارکرے گی۔ہمارے کارکنا ن وسائل کی بجائے محنت لگن اور نظریہ پاکستان و اسلام کے جذبے سے سرشار ہو کر جلسہ کو کامیاب بنائیں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ متحد ہ مجلس آئین ،سیاسی جمہوری عمل کی حفاظت اور سیکولر قوتوں کو شکست سے دوچار کرے گی۔ لیاقت بلوچ نے کہا متحدہ مجلس عمل و فاقی وزیر داخلہ پر قاتلانہ حملے کی مذمت کرتی ہے۔

سیاسی جمہوری عمل میں پر تشدد رویہ کسی صورت بھی قبول نہیں ہے۔بدقسمتی یہ ہے کہ سیاسی جماعتوں کے جلسوں میں ایک دوسرے کی توہین کی جارہی ہے۔سیاہی پھینکنا ،جوتے مارنا اور گولی کا چلنا اس بات کی نشاندہی ہے کہ سیاسی راہنمائوں نے میڈیا اور جلسوں کے ذریعے تلخی کا جو زہر اگلا ہے اس کے بھیانک نتائج سامنے آرہے ہیں۔انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ وزیر اعظم اپوزیشن لیڈر اسی طرح صوبوں کے وزرائے اعلیٰ اور اپوزیشن لیڈر بروقت وفاقی صوبائی نگران حکومتیں قائم کریں ۔

انتخابات میں تاخیر کی کوئی گنجائش نہیں ہے۔دریں اثنا لیاقت بلوچ نے منصورہ میں متحدہ مجلس عمل کی میڈیا کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ پرنٹ ، الیکٹرانک اور سوشل میڈیا جدید ذرائع ابلاغ کے اہم ترین طاقت ور آرگن بن چکے ہیں ۔عوامی رابطہ اور اپنا پیغام دینے کا موثر ذریعہ ہیں ۔ دینی جماعتوں کا اتحاد سیاسی منظر پر خوشگوار اضافہ ہے ۔

ایم ایم اے کی جماعتوں کے میڈیا کا رکنان ، نوجوان پوری مہارت ، اہلیت ، تہذیب ، شائستگی اور اسلام کے مثبت پیغام کو عام کرنے کا معرکہ سر کریں گے ۔ ایم ایم اے کے 13 مئی کے مینار پاکستان پر جلسہ کے لیے سوشل میڈیا ، ذہین ، بامقصد نوجوان عوام کو متحرک کرنے کے لیے موثر کردار ادا کریں گے ۔ اجلاس میں شاہ اویس نورانی ، شمس الدین امجد ، مولانا صلاح الدین ،ابتسام الٰہی ظہیر ، زاہد اخونزادہ ، راجہ محمد اکرم ، مدثر حسین نے بھی شرکت کی ۔