نیکیوں کا موسم بہار ماہ رمضان چند دنوں تک ہم پر سایہ فگن ہونے والا ہے،امیر العظیم

پیر 7 مئی 2018 23:44

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 07 مئی2018ء) ترجمان جماعت اسلامی پاکستان امیر العظیم نے کہاہے کہ نیکیوں کا موسم بہار ماہ رمضان چند دنوں تک ہم پر سایہ فگن ہونے والا ہے ۔ ماہ رمضان سے کما حقہ فائدہ اٹھانے کے لیے ہمیں معاشرے کے پسے ہوئے تنگ دست و مستحق لوگوں کی محرومیوں کو دور کرنا ہوگا ۔ ان خیالات کا اظہار انہوںنے ای ایم ای سوسائٹی میں استقبال رمضان کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

(جاری ہے)

امیر العظیم نے کہاکہ رمضان کریم ہمیں اللہ تعالیٰ کی بندگی کے ساتھ ساتھ باہمی اخوت و محبت اور ایک دوسرے کی پریشانیوں اور دکھوں کو بانٹنے کی تعلیم دیتاہے ۔ انہوں نے کہاکہ اپنے ارد گرد موجود حاجت مندوں کی ضرورتوں کو پورا کرنا اور بیوائوں ، یتیموں اور مسکینوں کی کفالت کرنا ہم سب کا فرض ہے ۔ رمضان میں ایک بندہ مومن کو بھوک پیاس کی شدت یہ احساس دلاتی ہے کہ لوگوں کی بھوک پیاس کو دور کرنا کتنا عظیم کام ہے ۔ انہوں نے کہاکہ ہمیں ماہ رمضان سے بھر پور استفادہ کرنے کے لیے اللہ اور رسول اللہ ؐ کے احکامات کے مطابق اپنے دن رات گزارنا ہوں گے ۔