محکمہ ایکسائز سیالکوٹ کا سینئر کلرک رشوت لیتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار

پیر 7 مئی 2018 23:46

گوجرانوالہ ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 مئی2018ء) اینٹی کرپشن کی ٹیم نے چھاپہ مار کاروائی کے دوران محکمہ ایکسائز سیالکوٹ کے سینئر کلرک کو رشوت لیتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار کر لیا،تفصیلات کے مطابق ریجنل ڈائریکٹر اینٹی کرپشن گوجرانوالہ کو رنگ پورہ سیالکوٹ کے رہائشی ملک سید علی نے درخواست دیتے ہوئے موقف اختیار کیا کہ وہ محکمہ ایکسائز سیالکوٹ کے دفتر پی ٹی ون بنوانے کیلئے گیا جہاں پر سینئر کلرک سکندر شبیر نے اس سے کاغذات بنوانے کیلئے رشوت طلب کی جو رشوت کے بغیر کاغذات بنانے سے صاف انکاری ہے ،درخواست گزار کا یہ بھی الزام تھا کہ کلرک سکندر شبیر کا ایک گینگ ہے جوریونیو کے کچھ اہلکاروں کے ساتھ مل کر کام کرتا ہے اور متعدد کاروائیو ں میں بھی ملوث ہے، جس پر ریجنل ڈائریکٹر اینٹی کرپشن گوجرانوالہ نے سرکل آفیسر سیالکوٹ کی سربراہی میں ٹیم تشکیل دی ،جنہو ں نے چھاپہ مار کاروائی کے دوران ملزم کو پانچ ہزار روپے رشوت لیتے ہوئے رنگے ہاتھوں پکڑ کر اس کے قبضہ سے نشان زدہ نوٹ بھی بر آمد کر لئے ، دوسری جانب محکمہ اینٹی کرپشن نے ملزم کیخلاف قانونی کاروائی کا آغاز کر دیا ہے ۔

متعلقہ عنوان :