وفاقی وزیر داخلہ پر حملہ پاکستان کی سلامتی اور خودمختاری پر حملہ ہے،غلام دستگیر خان

پیر 7 مئی 2018 23:46

گوجرانوالہ ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 مئی2018ء) پاکستان مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما و سابق وفاقی وزیر غلام دستگیر خان نے کہا ہے کہ گولیوں بندوقوں کے زریعے زبردستی اپنی رائے پر مہر لگانا قابل مذمت ہے وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال پر حملہ پاکستان کی سلامتی اور خودمختاری پر حملہ ہے پسند ناپسند کی بناء پر کسی پر حملہ کرنے کی کوئی بھی معاشرہ اجازت نہیں دیتا، وفاقی وزیر احسن اقبال مسلم لیگ ن کا قیمتی اثاثہ اورپڑھے لکھے اچھے و بے داغ سیاستدان ہیں ان پر قاتلانہ حملہ سے بڑا دلی صدمہ پہنچا اسلام میں اسطرح کی زبردستی اور دہشتگردی قابل قبول نہیں ہے تشدد اور حملوں کی روایت ملک کو تباہ و برباد کردیگی اگر اسی طرح سیاستدانوں پر حملے ہوتے رہے تو ملک کو ناقابل تلافی نقصان پہنچے گا دین کے نام پر حملے اور بزدلانہ کاروائیاں کرنیوالے عناصر اسلام دشمن ہیں پوری قوم اور مسلم لیگ ن کے کارکن وزیر داخلہ احسن اقبال کیساتھ ہیں اور ان کی جلد صحتیابی کیلئے دعاگو ہیں ان خیالات کا اظہار انہوں نے گذشتہ روز وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال پر قاتلانہ حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کیا انہوں نے کہا کہ وزیر داخلہ پر حملے کرنیوالے ملزم کو کیفرکردار تک پہنچایا جائے اور اس کے پیچھے چھپے اصل افراد کو قوم کے سامنے لایا جائے پاکستانی قوم کسی قسم کی لسانیت ، مذہبی ،فرقہ واریت اور صوبائیت میں تقسیم کو پسند نہیں کرتی دین اسلام رواداری، امن اور بھائی چارے کا درس دیتا ہے اگر تشدد اور گالم گلوچ کی سیاست کا سلسلہ بند نہ ہوا تو ملک کے حالات بہتر ہونیکی بجائے دن بدن بگڑتے جائینگے اور کوئی بھی سیاستدان اس سے محفوظ نہیں رہے گا پوری پاکستانی قوم اپنے قیمتی اثاثہ وزیر داخلہ پر حملہ کرنے اور کرانیوالوں کیخلاف کاروائی کا مطالبہ کررہی ہے۔