چیئرپرسن ضلع کونسل سیالکوٹ حناء ارشد وڑائچ کی وفاقی وزیر داخلہ پر قاتلانہ حملے کی پر زور مذمت

پیر مئی 23:46

سیالکوٹ ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 07 مئی2018ء) چیئرپرسن ضلع کونسل سیالکوٹ حناء ارشد وڑائچ نے نارووال میں وفاقی وزیر داخلہ چوہدری احسن اقبال پر قاتلانہ حملے کی پر زور مذمت کرتے ہوئے ان کی جلد صحت یابی کی دعا کی ہے۔ اپنے ایک بیان میں چیئرپرسن نے کہا کہ چوہدری احسن اقبال ملک و قوم کا ایک قابل فخر قیمتی اثاثہ ہیں ان پر قاتلانہ حملہ ایک بزدلانہ کارروائی ہے جو عدم برداشت کی ذہنیت کی عکاس ہے۔

حناء ارشد وڑائچ نے ملک و قوم کے لئے گرانقدر خدمات پر وزیر داخلہ چوہدری احسن اقبال کو زبردست خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان پر قاتلانہ حملہ پاکستان اور پاکستانی حکومت کے خلاف مجرمانہ اقدام ہے۔ جس کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے۔ چیئرپرسن نے کہا کہ وزیر داخلہ چوہدری احسن اقبال ایک بیش قیمت اثاثہ ہیں اور پوری قوم ان کی جلد صحت یابی کے لئے دعا گو ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ یہ حملہ وزیرداخلہ پر نہیں ریاست پر ہے۔ اس حملے میں ملوث ملزمان کو جلد از جلد کیفر کردار تک پہنچایا جائے۔ آئندہ ایسے واقعات کی روک تھام وقت کا اہم تقاضہ بھی ہے۔ چیئرپرسن نے کہا کہ واقعہ کی تحقیقات کی جائیں او ر ذمہ داروں کو کٹہرے میںلایا جائے ۔جبکہ اختلاف رائے کا اظہار تشدد کے فروغ کی ہر کوشش کو بھی سختی سے کچلنا ہو گا۔انہوں نے کہا کہ تمام سیاسی قوتیں اور معاشرے کے تمام لوگ عدم برداشت کے خاتمے اور رواداری کے فروغ کیلئے اپنا باہمی کردار بھرپور طریقے سے ادا کریں۔