اللہ تعالیٰ نے خصوصی بچوں کو خاص خوبیوں اور صلاحیتوں سے نوازا ہے،وزیر اعلیٰ سندھ

پیر 7 مئی 2018 23:19

اللہ تعالیٰ نے خصوصی بچوں کو خاص خوبیوں اور صلاحیتوں سے نوازا ہے،وزیر ..
کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 مئی2018ء) وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ اللہ تعالی نے خصوصی بچوں کو خاص خوبیوں اور صلاحیتوں سے نوازا ہے اور ہمیں ان کی مناسب طریقے سے تربیت اور نگہداشت کرنا ہے، انہیں ہمارے پیار اور خصوصی توجہ کی ضرورت ہے۔ جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق یہ بات انہوں نے پیر کو جمشید روڈ پر خصوصی بچوں کے لئے قائم زینب ری ایبلیٹیشن سینٹر(زیڈ آر سی) کے دورے کے موقع پر کہی۔

انہوں نے کہا کہ انہوں نے خصوصی بچوں کی تعلیم کے لئے خاص اقدامات اٹھائے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میں نے خصوصی بچوں کی بحالی کے لئے کام کرنے والے متعدد اداروں اور اسکولوں کے دورے کئے ہیں اور میرا یہ یقین ہے کہ اس اعلی کام کی (بحالی ) میں مصروف لوگ ایک بہترین کام کر رہے ہیں ۔

(جاری ہے)

وزیر اعلی سندھ نے کہا کہ نجی شعبے میں خصوصی بچوں کی تعلیم بہت مہنگی ہے مگر چند مخیر حضرات نے اس شعبے میں خصوصی بچوں کی خدمت کا کام شروع کیا ہے۔

انہوں نے حاجی مسعود پاریکھ اور دیگر زیڈ آر سی کے بانی قائدین کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ میں آپ لوگوں کے جذبہ کی قدر کرتا ہوں اور آپ لوگ اس ادارے کو بغیر کسی معاوضہ کے چلا رہے ہوں۔ انہوں نے کہا کہ میں نے حکومت سندھ کے ماتحت اسپیشل ایجوکیشن ڈپارٹمنٹ کی انتظامیہ کے تحت کام کرنے والے اسکولوں کو فعال کیا ہے اور اب یہ بحالی کے کاموں میں حصہ بھی لے رہے ہیں۔

وزیر اعلی سندھ نے اسپیشل اولمپین آریش احمد جنہوں نے برونائی میں منعقدہ اسپیشل اولمپک گیمز میں حصہ لیا تھا سے بھی ملاقات کی۔ انہوں نے آریش کو اسپیشل اولمپین بننے پر مبارکباد دی اور کہا کہ آریش نے پاکستان بالخصوص صوبہ سندھ کا نام روشن کیا ہے۔ وزیر اعلی سندھ کو جیتنے والے تمام گولڈ میڈلز بھی دکھائے گئے۔ وزیر اعلیٰ سندھ نے ان کی اور زیڈ آر سی میں موجود دیگر بچوں کی حوصلہ افزائی کی۔ سید مراد علی شاہ نے مختلف کلاسوں کا دورہ کیا اور انہوں نے بچوں کے ساتھ کچھ وقت گزارا اور ان سے بات چیت کی اور انہیں سنا۔ وزیر اعلی سندھ نے کہا کہ مجھے آپ لوگوں کے ساتھ مل کر بہت خوشی ہوئی ہے، آپ ہمارے فرشتے ہیں اور میں آپ لوگوں سے بہت پیار کرتا ہوں۔