پاکستان سپر کبڈی لیگ کے کوارٹرفائنل مقابلے کل کھیلے جائیں گے

پیر 7 مئی 2018 23:19

پاکستان سپر کبڈی لیگ کے کوارٹرفائنل مقابلے کل کھیلے جائیں گے
لاہور۔07مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 مئی2018ء) پاکستان سپر کبڈی لیگ میں لاہور تھنڈرزاور اسلام آباد آل سٹارز کا سفر تمام ہوگیا،ایلمنیٹر میچز میں ساہیوال بلز اور کشمیر جانباز کی ٹیمیں کامیاب ، چاروں کوارٹرفائنلز کل منگل کو کھیلے جائیں گے، خواتین کے نمائشی میچ میں سٹرابری ایمبیشن نے ڈریمز کو 33کے مقابلے میں 31پوائنٹس سے شکست دیدی۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان سپر کبڈی لیگ میں پول اے سے کراچی زور آورز اورگوادربہادرز نے 6،6، گجرات واریئرز نے 4پوائنٹس کیساتھ براہ راست کوارٹر فائنل میں جگہ بنائی ، 2میچ جیتنے والے ساہیوال بلز اور ایک بھی فتح نہ حاصل کرپانے والے لاہور تھنڈرز کا مقابلہ ایلمنیٹر ون سے تھا، اس میچ میں ساہیوال بلز نے 45-37سے برتری ثابت کرتے ہوئے کوارٹر فائنل میں رسائی حاصل کرلی۔

(جاری ہے)

پول بی میں پشاورحیدرز6،فیصل آباد شیردلزاور ملتان سکندرز4پوائنٹس کیساتھ براہ راست کوارٹر فائنل میں پہنچ گئے تھے،2میچز کے فاتح کشمیر جانباز چوتھے اور ایک میچ جیتنے والے اسلام آبادآل سٹارز پانچویں نمبر پر ہونے کی بناپر ایلمنیٹر ٹو میں مقابلہ ہوا،کشمیر جانباز36-31سے کامیابی کیساتھ سفر جاری رکھنے میں کامیاب ہوئے،اسلام آباد آل سٹارز کو گھر کا راستہ دیکھنا پڑا۔

آج منگل کو پہلے کوارٹر فائنل میں کراچی زور آور کا میچ کشمیر جانباز کیساتھ شام ساڑھے 4بجے ہوگا،گوادر بہادرز اور فیصل آباد شیردل کی ٹیمیں 6بجے مقابل ہونگی، پشاور حیدرز کو ساڑھے 7بجے ساہیوال بلز کا چیلنج درپیش ہوگا، ملتان سکندرز اور گجرات واریئرز رات 8:45پر برتری کی جنگ لڑینگے۔ قبل ازیں گزشتہ روز خواتین کے نمائشی کبڈی میچ میں سڑابری ایمبیشن نے ڈریمز کو 33کے مقابلے میں 31پوائنٹس سے مات دیدی، لیگ کا ناک آوٹ مرحلہ شروع ہونے پر شائقین کے جوش و خروش میں مزید اضافہ ہوگیا ہے۔