Live Updates

پاکستان مسلم لیگ (ن) بڑی سیاسی جماعت ،محمد نواز شریف مقبول ترین سیاسی رہنما ہیں،مسلم لیگ (ن) کے عوامی جلسوں میں لوگوں کی بڑی تعداد میں شرکت اس بات کا منہ بولتا ثبوت بھی ہے، وزیر مملکت برائے سمندری امور چوہدری جعفر اقبال کی نجی ٹی وی چینل سے گفتگو

پیر 7 مئی 2018 23:48

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 مئی2018ء) وزیر مملکت برائے سمندری امور چوہدری جعفر اقبال نے کہا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) ایک بڑی سیاسی جماعت ہے،محمد نواز شریف آج بھی ملکی عوام کے مقبول ترین سیاسی رہنما ہیں۔ پیر کو ایک نجی ٹی وی چینل سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ملک کے عوام سابق وزیراعظم محمد نواز شریف کی حمایت کر رہے ہیں اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کے عوامی جلسوں میں لوگوں کی بڑی تعداد میں شرکت اس بات کا منہ بولتا ثبوت بھی ہے۔

انہوں نے کہا کہ لوگ کارکردگی کی بنیاد پر اپنے ووٹ ڈالتے ہیں اور پاکستان مسلم لیگ (ن) بہتر طرز حکومت اور اپنی گزشتہ 5 سالہ بہتر کارکردگی کی بنیاد پر آئندہ عام انتخابات میں بھی کامیابی حاصل کرے گی۔ وزیر مملکت نے تمام سیاسی جماعتوں کی قیادت پر ملکی ترقی و خوشحالی کے لیے مل بیٹھنے پر زور دیا اوردیگر ملکی مسائل اور معاملات پر رواداری کی پالیسی اختیار کرنے کی ضرورت پر زور دیا تاکہ ملکی معاملات آگے بڑھ سکیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے مذید کہا کہ کسی شخص کو بھی کسی دوسرے کو قتل کرنے کا کوئی حق نہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کے گزشتہ دور حکومت میں کرپشن زوروں پر رہی اور روزانہ 12 سے 19 گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ ہوتی رہی لیکن پاکستان مسلم لیگ (ن) کی موجودہ حکومت کی موثر وکارآمد پالیسیوں کی بدولت اب صورت حال مکمل طور پر تبدیل ہو چکی ہے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے یہ اعتراف کیا ہے کہ ان کی جماعت کے اراکین نے سینیٹ کے حالیہ انتخابات میں اپنے ووٹوں کو فروخت کیا۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات