کراچی کا حکیم سعید گراونڈ میدان جنگ بن گیا

پیپلز پارٹی اور تحریک انصاف کے کارکنوں کے درمیان شدید تصادم، کئی افراد زخمی

muhammad ali محمد علی منگل 8 مئی 2018 01:06

کراچی کا حکیم سعید گراونڈ میدان جنگ بن گیا
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 07 مئی2018ء) کراچی کے حکیم سعید گراونڈ پر تحریک انصاف اور پیپلز پارٹی کے کارکنوں کے درمیان شدید تصادم ہوا ہے۔ تفصیلات کے مطابق کراچی کا حکیم سعید گراونڈ میدان جنگ بن گیا ہے۔ پیر کی شب کو کراچی کے حکیم سعید گراونڈ پر موجود تحریک انصاف اور پیپلز پارٹی کے کارکن آپس میں الجھ پڑے۔ دونوں جماعتوں کے کارکنوں کے درمیان تصادم جلسہ کرنے کے معاملے پر پیدا ہونے والے تنازعے کے باعث ہوا۔

دونوں جماعتیں بضد ہیں کہ 12 مئی کو حکیم سعید گراونڈ پر جلسہ ان کی جانب سے کیا جائے گا۔ تصادم کے دوران پیپلز پارٹی پر تحریک انصاف کے کیمپ پر حملہ کرکے اسے اکھاڑ پھینکنے کا الزام عائد کیا گیا ہے۔ جبکہ پیپلز پارٹی کا موقف ہے کہ تحریک انصاف والوں نے ان کے کارکنوں کو اشتعال دلایا۔

(جاری ہے)

تصادم کے دوران دونوں جانب سے ایک دوسرے پر شدید پتھراو بھی کیا گیا۔

پتھراو کے باعث کئی افراد زخمی ہوگئے۔ جبکہ اس دوران پولیس صورتحال کو قابو میں کرنے کی بجائے تماشہ دیکھتی رہی۔ بعد ازاں پولیس نے مشتعل افراد کو منتشر کرنے کیلئے ہوائی فائرنگ کی جس سے بھگدڑ مچ گئی۔ اس دوران کچھ مشتعل افراد نے گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں کو بھی نذر آتش کردیا۔ اس تمام صورتحال میں رینجرز کو جائے وقعہ پر طلب کر لیا گیا ہے۔ جبکہ سیاسی جماعتوں کے رہنماوں نے دونوں جماعتوں کے کارکنوں اور رہنماوں سے پرامن رہتے ہوئے معاملے کو سلجھانے کا مشورہ دیا ہے۔