اپوزیشن لیڈر خورشید احمد شاہ نے علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی ریجنل کیمپس سکھر کا سنگ بنیاد رکھ دیا

منگل 8 مئی 2018 00:00

سکھر۔ 7مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 مئی2018ء) قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سید خورشید احمد شاہ نے کہا ہے کہ ایسی بڑھتی ہوئی آبادی نہیں چاہتے جو تعلیم کے بغیر ہم سب کو لے ڈوبے، یہ ہی وجہ ہے کہ سکھر کو ایجوکیشن سٹی بناتے ہوئے 5یونیورسٹیاں قائم کی گئی ہیں اور بہت جلد ٹیکنیکل یونیورسٹی کیمپس کا قیام بھی عمل میں لایاجائیگا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے روہڑی میں علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی سکھر ریجنل کیمپس کا سنگ بنیاد رکھنے کے بعد سکھر آئی بی اے یونیورسٹی کے آڈیٹوریم میں منعقدہ تقریب سے خطاب اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر صوبائی وزیر اطلاعات سید ناصر حسین شاہ اور پی پی رہنما انور خان مہر بھی موجود تھے۔ خورشید احمد شاہ نے کہا کہ تعلیم کے بغیر دنیا ادھوری ہے اور قومیں تعلیم کے بغیر تباہ ہوجاتی ہیں، اچھے اور برے کی پہچان علم سے ہوتی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو نے 1974میں پیپلز اوپن یونیورسٹی کا بنیاد رکھا تاکہ ان پڑھ لوگوں کو تعلیم بالغان کے ذریعے فائدہ ہوسکے جس کا نام بعد میں علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی رکھا گیا۔ خورشید احمد شاہ نے کہا کہ ملک میں بڑھتی ہوئی آبادی ایٹم بم سے کم نہیں، 70کی دہائی میں ایسٹ پاکستان کی آبادی 11کروڑ اور ویسٹ پاکستان کی 8کروڑ تھی، آج ہم 161فیصد آبادی میں آگی ہوچکے ہیں۔

میڈیا قوم کو تعلیمی اداروں کے حوالے سے سچ بتائے اور ریٹنگ نہ بڑہائے، آج بھی دیہاتوں کے سکولوں میں اساتذہ نہیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سکھر میں ٹیکنیکل یونیورسٹی کیمپس کے قیام کے بعد نوجوان چپڑاسی اور چوکیداری کی ملازمت کیلئے پریشان نہیں ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ انہیں نام کمانے کا شوق نہیں ہے لیڈروں کی سوچ میں تبدیلی آنی چاہئے، شہید ذوالفقار علی بھٹو کا نظریہ تھا کہ قوم کے نوجوان کو بہتر تعلیم اور تربیت دیں تاکہ دنیا کے ساتھ مقابلہ کرکے ملک کو ایشین ٹائیگر بنایا جائے۔

خورشید احمد شاہ نے میڈیا کے سوالات کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ فاروق ستار بوکھلاہٹ کا شکار ہیں اور انہیں تو اپنی پارٹی ہی قبول نہیں کررہی، فاروق ستار بچارا خود پپی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سیاست میں کوئی بھی کسی کا آخری دشمن یا دوست نہیں ہوتا، حلقہ بندیاں ہوچکی ہیں اب آگے بڑھنا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ 15مئی تک نگران وزیراعظم کے نام آجائیںگے، موجودہ دور میں خلائی مخلوق کا پتہ نہیں، مگر سائنسدان کہتے ہیں کی خلائی مخلوق ہے ضرور۔

تقریب سے علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر شاہد صدیقی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ادارے کے ملک بھر میں 44 ریجنل سینٹرز کام کر رہے ہیں، جن میں 13لاکھ اسٹوڈنٹس پڑھ رہے ہیں۔ اس موقع پر وائس چانسلر آئی بی اے یونیورسٹی سکھر پروفیسر نثار احمد صدیقی اور دیگر نے بھی خطاب کیا، اس موقع پر مہمانوں کو ادارے کی جانب سے شیلڈز بھی پیش کی گئیں۔