لاڑکانہ سمیت سندھ بھر میں ترقیاتی کام ہوئے ہیں، صوبائی وزیر اطلاعات سندھ سید ناصر حسین شاہ

منگل مئی 00:00

سکھر۔ 7مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 08 مئی2018ء) صوبائی وزیر اطلاعات و ٹرانسپورٹ سید ناصر حسین شاہ نے نیو بس ٹرمینل روہڑی کاباضابطہ افتتاح کرتے ہوئے کہا ہے کہ لاڑکانہ سمیت سندھ بھر میں ترقیاتی کام ہوئے ہیں جو مخالفین کو نظر نہیں آرہے۔ جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق نیو بس ٹرمینل کی افتتاحی تقریب سے خطاب اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے صوبائی وزیر نے کہا کہ ٹریفک کی روانی بہتر بنانے کیلئے نیو بس ٹرمینل کو آپریشنل کرنا لازمی بن چکا تھا اس کو فعال بنانے سے سکھر اور قرب و جوار کے علاقوں کے عوام کو سفری سہولیات میسر ہوسکیںگی۔

میڈیا کے مختلف سوالات کا جواب دیتے ہوئے صوبائی وزیر اطلاعات نے کہا کہ انشاء اللہ الیکشن بھی مقرر مدت پر ہونگے۔ انہوں نے کہا کہ کراچی میں پیپلز پارٹی کے ایک جلسے نے ایم کیو ایم کو ہلا کر رکھ دیا ہے پی پی چیئرمین کا پیغام کراچی کی ترقی اور اس کی روشنیوں کو بحال کرنا ہے مگر ان کے جواب میں ایم کیو ایم نے 80کی دہائی کی لسانی سیاست کو ہوادیتے ہوئے جاگ مہاجر جاگ کا نعرہ لگایا ہے متحدہ والے بتائیں کہ کیا وہ ایسا نعرہ دیکر دوبارہ بوری بند لاشیں دینا چا رہے ہیں۔

(جاری ہے)

کراچی کے عوام نے منتشر قومی مومنٹ اور مستقل قومی مصیبت سے نجات حاصل کرلی ہے پیپلزپارٹی تمام کراچی میں سے پہلے سے زیادہ سیٹیں جیتے گی اس لئے متحدہ والے خوفزدہ ہیں ۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ عمران خان الزام خان بن چکے ہیں، چیف جسٹس آف پاکستان نے کے پی کے میں پی ٹی آئی کے صحت اور تعلیم کے حوالے سے پول کھول دیے ہیں۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ ہر لحاظ سے عام انتخابات وقت پر چاہتے ہیں اگر کوئی گڑبڑ ہوئی تو احتجاج ہم بھی کرینگے۔

چیف جسٹس،، اعلیٰ عدلیہ اور دیگر ادارے بھی چاہتے ہیں کہ الیکشن وقت پر ہوں اورہمیں امید ہے کہ الیکشن وقت پر ہی ہونگے۔ ایک سوال کے جواب میں صوبائی وزیر اطلاعات نے کہا کہ لاڑکانہ سمیت سندھ بھر میں کام ہوئے ہیں، گرین لائین منصوبے کے حوالے سے بات کرتے ہوئے صوبائی وزیر نے کہا کہ بسیں پہلے منگوانے سے ان پر لائبلٹیز بھرنی پڑتیں ، جیسے ہی انفرا اسٹرکچر مکمل ہوگا جلد ہی بسیں ان پر چلنا شروع ہوجائیںگی۔

سید ناصر حسین شاہ نے کہا کہ سکھر اور روہڑی میں نساسک کی وجہ سے تاخیر کا شکار ہونے والی پینے کے پانی کی مکمل سکیمیں جلد شروع ہوجائیں گی اور سب سے بڑی اسکیم بکھر آئی لینڈ میں مکمل ہے جہاں سے سارے شہر کو پانی فراہم ہوسکے گا ۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے پلان دیا ہے کہ دسمبر 2019میں سندھ بھر میں پینے کے پانی کی اسکیمیں، پبلک ہیلتھ اور ڈرینیج کی اسکیمیں مکمل ہوجائیںگی اور ڈرینیج کا پانی ٹریٹمینٹ کے بعد ہی دریائوں اور کینالوں میں چھوڑا جائیگا۔

بعد میں صوبائی وزیر اطلاعات و ٹرانسپورٹ سید ناصر حسین شاھ نے روہڑی کے نیویارڈ اور دیگر علاقوں میں جاری مختلف ترقیاتی سکیموں کا معانہ کرکے کام کا جائزہ لیا اور متعلقہ انجینئرز کو سختی سے ہدایات دیں کہ ترقیاتی کام جلد مکمل کیا جائے اور معیار پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہ ہونا چاہئے۔