سکھر موٹر ورکس ایسوسی ایشن کے رہنما کی جانب سے پینے کے پانی کے بحران پر تشویش کا اظہار

منگل 8 مئی 2018 00:00

سکھر۔ 7مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 مئی2018ء) سکھر موٹر ورکس ایسوسی ایشن کے رہنما استاد شفیق آرائیں نے گنجان آبادی والے علاقوں میں پینے کے پانی کے بحران پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔ جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے دفتر میں شہریوں کے مختلف وفود سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر دوست محمد جاگیرانی، اصغر علی بھٹی، نعیم مغل، احسان بندھانی و دیگر بھی موجود تھے۔

استاد شفیق آرائیں و دیگر کا کہنا تھا کہ منتخب بلدیاتی نمائندے شہری مسائل کے حل کے لئے بلند و بانگ دعوے اور اعلانات تو کرتے ہیں مگر 2سال کا عرصہ گزرنے کے باوجود منتخب بلدیاتی نمائندے شہریوں کو پینے کے صاف پانی کی فراہمی یقینی نہیں بناسکے، ان کے دعوے اور اعلانات صرف کاغذوں کی حد تک محدود ہیں، کروڑوں روپے کی خطیر رقم سے بکھر آئی لینڈ منصوبے کے افتتاح کے باوجود شہر کے مختلف علاقوں میں پینے کے پانی کا بحران برقرار رہنا انتظامیہ کی ناکامی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔

(جاری ہے)

وزیر اعلیٰ سندھ ودیگر اعلیٰ حکام سے اپیل کی کہ شہر کے گنجان آبادی والے علاقوں میں پینے کے پانی کے بحران کا فوری طور پر نوٹس لیں اور جن علاقوں میں پینے کے پانی کا بحران ہے وہاں متبادل ذرائع سے واٹر ٹینکرز کے ذریعے پانی کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔