کیریبین پریمیئر لیگ 2018ء 8 اگست سے ویسٹ انڈیز میں شروع ہوگی، جیسن ہولڈر بارباڈوس ٹریڈنٹس کے کپتان مقرر

منگل 8 مئی 2018 09:40

کنگسٹن ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 مئی2018ء) کیریبین پریمیئر لیگ 2018ء 8 اگست سے ویسٹ انڈیز میں شروع ہوگی۔ تفصیلات کے مطابق کیریبین پریمیئر لیگ 2018ء کے لئے تیاریاں عروج پر ہیں، کیریبین پریمیئر لیگ 2018ء 16 ستمبر کو اختتام پذیر ہوگی۔ لیگ میں ٹرنبیگو نائٹ رائیڈرز ٹائٹل کا دفاع کرے گی۔ ویسٹ انڈیز ٹیسٹ اور ون ڈے ٹیم کے کپتان جیسن ہولڈر رواں سال شیڈول کیریبین پریمیئر لیگ میں بارباڈوس ٹریڈنٹس کی قیادت کریں گے۔

(جاری ہے)

انہیں کیرن پولارڈ کی جگہ یہ ذمہ داری دی گئی ہے، ہولڈر گزشتہ سال دورہ انگلینڈ کی وجہ سے سی پی ایل میں شرکت نہیں کر سکے تھے۔ 26 سالہ ہولڈر کو 56 ون ڈے اور 21 ٹیسٹ میچز میں کالی آندھی کی قیادت کا اعزاز حاصل ہے۔ اپنے ایک بیان میں ہولڈر نے کہا کہ بارباڈوس کا کپتان مقرر ہونا میرے لئے باعث اعزاز ہے اور میں بہت خوشی محسوس کر رہا ہوں، کوشش ہو گی کہ ٹیم کو فرنٹ سے لیڈ کرتے ہوئے اسے فتوحات دلانے میں کردار ادا کروں۔ ایونٹ 8 اگست سے 16 ستمبر تک شیڈول ہے، ۔ واضح رہے کہ بارباڈوس کی ٹیم گزشتہ سیزن میں 10 میں سے صرف 4 میچز جیت کر پانچویں نمبر پر رہی تھی۔