مقبوضہ بیت المقدس میں امریکی سفارت خانے کی جانب جانے والی شاہراہ کے سائن بورڈ لگادیئے گئے

منگل 8 مئی 2018 11:50

مقبوضہ بیت المقدس ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 مئی2018ء) اسرائیل میں محکمہ ٹریفک نے عام شہریوں کی رہنمائی کرنے والے تین ایسے روڈ سائن نصب کردیئے ہیں، جو امریکی سفارت خانے کو جانے والے راستے کی طرف اشارہ کرتے ہیں۔

(جاری ہے)

بین الاقوامی ذرائع ابلاغ کے مطابق مقبوضہ بیت المقدس میں امریکی سفارتی مشن کا افتتاح اگلے ہفتے متوقع ہے جس کے لئے محکمہ ٹریفک نے عام شہریوں کے لئے سفارتخانے کی رہنمائی کرنے والے تین روڈ سائن نصب کردیئے ہیں۔

کچھ عرصہ قبل امریکی صدر ٹرمپ نے اعلان کیا تھا کہ اسرائیل میں امریکی سفارت خانہ جلد ہی تل ابیب سے مقبوضہ بیت المقدس منتقل کردیا جائے گا۔ واضح رہے کہ اسرائیل اور فلسطینیوں کے درمیان مقبوضہ بیت المقدس شہر کی حتمی حیثیت انتہائی متنازعہ ہے۔ اسرائیل پورے مقبوضہ بیت المقدس پر اپنی ملکیت کا دعویدار ہے جبکہ فلسطینی اپنی مستقبل کی خود مختار ریاست کا دارالحکومت مشرقی مقبوضہ بیت المقدس کو بنانا چاہتے ہیں۔