حکومت نے پائیدار ترقی کے اہداف کو قومی پالیسی کا اہم حصہ بنایا ہے، ترقی کے اہداف کے حصول کی مربوط کوششوں کیلئے وزارت منصوبہ بندی میں خصوصی یونٹ قائم کیا گیا ہے

سیکرٹری منصوبہ بندی، ترقی و اصلاحات شعیب احمد صدیقی کا پائیدار ترقیاتی اہداف کے حوالے سے اجلاس سے خطاب

منگل 8 مئی 2018 11:50

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 مئی2018ء) سیکرٹری منصوبہ بندی، ترقی و اصلاحات شعیب احمد صدیقی نے کہا ہے حکومت پاکستان نے پائیدار ترقی کے اہداف کو قومی پالیسی کا اہم حصہ بنایا ہے، پاکستان میں ترقی کے اہداف کے حصول کی مربوط کوششوں کے لئے وزارت منصوبہ بندی میں خصوصی یونٹ قائم کیا گیا ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پائیدار ترقیاتی اہداف کے حوالے سے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

سیکرٹری منصوبہ بندی نے کہا کہ وزارت منصوبہ بندی میں قائم پائیدار ترقی کے اہداف کا یونٹ صوبوں اور صوبائی حکومتوں کے ساتھ روابط کے ذریعے نچلی سطح تک مربوط نظام کو فروغ دے رہا ہے ۔ شعیب احمد صدیقی نے کہا کہ پاکستان ستمبر 2018ء میں منعقد ہونے والے علاقائی سطح پر پائیدار ترقی کے اہداف پر منعقد کئے جانے والے سیمینار کی میزبانی کرے گا۔

(جاری ہے)

سیکرٹری منصوبہ بندی نے کہا کہ نوجوان نسل اور خواتین کی مؤثر شمولیت کے بغیر پائیدار ترقی کے اہداف کا حصول آسان نہیں ہوگا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان 2019ء میں پائیدار ترقی کے اہداف کے قومی رضاکارانہ جائزے کے لئے مکمل طور پر تیار ہے۔ سیکریٹری منصوبہ بندی نے کہا کہ حکومت پائیدار ترقی کے اہداف کے حوالے سے تعلیمی اداروں اور معاشرے میں تمام طبقات میں آگاہی کی مہم کا آغاز کر رہی ہے۔

متعلقہ عنوان :