دنیائے کرکٹ میں شاداب خان نے 91سال بعد نئی تاریخ رقم کردی

کم عمری میں 10 فرسٹ کلاس شکار ، ان سے قبل 1927ءمیں نیوزی لینڈ کے بل میرٹ نے یہ اعزاز پایا تھا

منگل 8 مئی 2018 11:58

دنیائے کرکٹ میں شاداب خان نے 91سال بعد نئی تاریخ رقم کردی
نارتھمپٹن (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔08مئی 2018ء) قومی ٹیم کے آل راﺅنڈر شاداب خان کم عمری میں 10 فرسٹ کلاس وکٹیں لینے والے پہلے لیگ سپنر بن گئے ہیں۔19سالہ شاداب خان 91 سال بعد کم عمری میں انگلش سرزمین پر 10 فرسٹ کلاس وکٹیں لینے والے پہلے لیگ سپنر بن گئے ہیں ، پاکستانی سٹار نے نارتھمپٹن شائر سے میچ میں یہ کارنامہ انجام دیا، ان سے قبل 1927ءمیں نیوزی لینڈ کے بل میرٹ نے یہ اعزاز پایا تھا۔

اس سے قبل شاداب خان کی دس وکٹوں کی بدولت پاکستان نے دورہ آئرلینڈ اور انگلینڈ کے دوسرے وارم اپ میچ میں نارتھیمپٹن شائر کو 9 وکٹوں سے شکست دی۔نارتھیمپٹن میں کھیلے گئے میچ کے چوتھے دن میزبان ٹیم نے 240 رنز 5 کھلاڑی آﺅٹ سے بیٹنگ کا آغاز کیا تو سنچری بنانے والے روب نیوٹن پاکستان کی راہ میں حائل تھے۔

(جاری ہے)

دن کی ابتدا میں پاکستانی باﺅلرز کو وکٹ لینے میں مشکلات پیش آئیں لیکن محمد عباس اور شاداب خان نے عمدہ سپیل کے ذریعے قومی ٹیم کی میچ میں واپسی یقینی بنائی۔

محمد عباس نے نیوٹن کی مزاحمت کا خاتمہ کر کے پاکستان کو اہم کامیابی دلائی جنہوں نے 118 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔نیوٹن کے آﺅٹ ہونے کے بعد پاکستان کو حریف ٹیم کی بساط لپیٹنے میں زیادہ مشکلات پیش نہیں آئیں اور نارتھیمپٹن کی ٹیم 301 رنز بنا کر آﺅٹ ہو گئی۔پاکستان کی جانب سے دوسری اننگز میں محمد عباس اور شاداب نے 4، 4 وکٹیں حاصل کیں، شاداب خان نے میچ میں مجموعی طور پر 10 وکٹیں حاصل کیں۔

پہلی اننگز کی برتری کی بدولت پاکستان کو میچ میں فتح کے لیے صرف 133 رنز کا ہدف ملا۔ہدف کے تعاقب میں پاکستان کو ابتدا میں ہی اس وقت نقصان اٹھانا پڑا جب وکٹوں کے درمیان غلط فہمی کے نتیجے میں اظہر علی کو پویلین لوٹنا پڑا۔اس کے بعد امام الحق کا ساتھ دینے حارث سہیل آئے اور دونوں کھلاڑیوں نے بغیر کسی نقصان کے ٹیم کو ہدف تک رسائی دلا کر فتح سے ہمکنار کرایا۔دونوں کھلاڑیوں نے ناقابل شکست 120 رنز کی شراکت قائم کی، امام نے 59 اور حارث نے 55 رنز بنائے۔پاکستان دورے کا باقاعدہ آغاز 11مئی کو آئرلینڈ کے خلاف ٹیسٹ میچ سے کرے گی جو آئرش ٹیم کا پہلا ٹیسٹ میچ ہو گا۔

متعلقہ عنوان :