سی آئی اے ڈائریکٹر کے لیے جینا ہسپیل کی حمایت جاری رکھیں گے۔امریکی صدر

Mian Nadeem میاں محمد ندیم منگل 8 مئی 2018 12:24

سی آئی اے ڈائریکٹر کے لیے جینا ہسپیل کی حمایت جاری رکھیں گے۔امریکی ..
واشنگٹن(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔08 مئی۔2018ء) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے اس بات کا عہد کیا گیا ہے کہ وہ سی آئی اے ڈائریکٹر کے لیے نامزد جینا ہسپیل کی حمایت جاری رکھیں گے۔ قیدیوں پر تشدد اور واٹربورڈنگ ٹیپس کو تباہ کرنے میں مبینہ طور پر ملوث ہونے کے الزامات پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے جینا ہسپیل کی جانب سے نامزدگی واپس لینے کی پیشکش کی جاچکی ہے، تاہم امریکی صدر اس بات پر بضد ہیں کہ ان کی حمایت جاری رکھی جائے گی۔

واضح رہے کہ جینا ہسپیل کو مارچ کے مہینے میں نامزد کیا گیا تھا اور اگر وہ سی آئی اے ڈائریکٹر بن جاتی ہیں تو وہ پہلی خاتون ہوں گی جو سی آئی اے کی سربراہی کریں گی۔دوسری جانب وہ اپنی نامزدگی کی تصدیق کے لیے امریکی سینیٹ انٹیلی جنس کمیٹی کے سامنے پیش ہونے کا ارادہ بھی رکھتی ہے، جہاں اس بات کا بھی امکان ہے کہ ڈیموکریٹس اور ریپبلکن کی جانب سے ان کی نامزدگی کی مخالفت کی جاسکتی ہے۔

(جاری ہے)

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے کیے گئے ایک ٹوئٹ میں کہا گیا ہے کہ سی آئی اے ڈائریکٹر کے لیے میری امیدوار قابل احترام جینا ہسپیل ہیں،جنہیں اس وجہ سے تنقید کا نشانہ بنایا جارہا کیونکہ وہ دہشت گردوں پر کافی سخت رویہ رکھتی ہیں۔انہوں نے کہا کہ ان خطرناک حالات میں ہمیں سوچنا چاہیے کہ ہمارے پاس ایک بہت قابل خاتون ہیں لیکن ڈیموکریٹس انہیں باہر کرنا چاہتی ہے کیونکہ وہ دہشت گری کے معاملے پر بہت سخت ہیں۔

اس بارے میں امریکی اخبار نیو یارک ٹائمز نے رپورٹ میں بتایا تھا کہ جینا ہسپیل کو اپنی تصدیق کے بارے میں شک و شبہات ہیں اور وہ جمعہ کو اپنی نامزدگی سے دستبردار ہونے کی پیشکش بھی کرچکی ہیں۔نیو یارک ٹائمز نے بتایا کہ اس پیشکش کے بعد وائٹ ہاﺅس ترجمان سارہ سینڈرز سمیت ساتھیوں کا ایک گروپ اور انتظامیہ کے حکام سی آئی اے ہیڈکوارٹر گئے تھے تاکہ وہ جینا ہسپیل کو نامزدگی واپس لینے سے روک سکیں۔

اگرچہ وائٹ ہاو¿س ترجمان سمیت دیگر ساتھی جینا ہسپیل کو منانے میں کامیاب رہے، تاہم سینیٹ پینل سے ان کی تصدیق سے انکار کی صورت میں ٹرمپ انتظامیہ ایک ہنگامی منصوبے پر کام کر رہی ہے۔ادارے نے 5 مختلف ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ اگر ٹرمپ انتظامیہ کو یہ محسوس ہوا کہ جینا ہسپیل کی نامزدگی مسترد ہوجائے گی تو نیشنل انٹیلی جنس کی ڈپٹی ڈائریکٹر سوسان گورڈن کو ان کی جگہ پر لایا جاسکتا ہے۔

اس بارے میں امریکی قومی سلامتی کے حکام نے صحافیوں کو بتایا کہ انہیں یقین ہے کہ جینا ہسپیل تصدیقی عمل میں کامیاب ہوجائے گی لیکن پھر بھی اگر وہ اس میں کامیاب نہیں ہوتی تو متبادل کے طور پر وہ ہنگامی منصوبوں پر کام کر رہے ہیں۔اسی حوالے سے دو اضافی ذرائع نے بتایا کہ ان کے پاس ایک عام ہنگالی منصوبہ ہے جو سی آئی اے کی خالی نشست کو بھر سکتا ہے۔

متعلقہ عنوان :