انجینئر امیرمقام نے مسلم لیگ (ن) کوفعال کرکے صوبے کی سب سے بڑی سیاسی قوت بنادیاہے‘ عبدالسبحان

منگل 8 مئی 2018 12:41

پشاور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 مئی2018ء) مردان کے مسلم لیگی کارکنوں اور عہدیداروں نے پارٹی کے صوبائی صدر اور وزیراعظم کے مشیر انجینئر امیرمقام کو شاندار الفاظ میں خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہاہے کہ انہوں نے مسلم لیگ (ن) کو منظم اور فعال بناکر اسے صوبے کی سب سے بڑی سیاسی قوت بنادیاہے جس کے نتیجے میں مسلم لیگ (ن) آنے والے انتخابات میں کلین سویپ کریگی۔

(جاری ہے)

اس سلسلے میں ایک اجلاس پارٹی کے صوبائی سینئر نائب صدر عبدالسبحان خان کے زیر صدارت منعقدہوا جس میں ضلع مردان کے صدر سید عنایت شاہ باچاایڈوکیٹ اور امیدواران صوبائی اسمبلی نوابزادہ ارسلاء خان ‘ اعظم خان‘ دیگر عہدیداروں اور کارکنوں نے شرکت کی ۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مقررین کا کہناتھا مسلم لیگ (ن) کو کمزور کرنے کی کوششیں کامیاب نہیں ہونگی اور آنے والے انتخابات میں عوام شیر کے نشان پر مہر لگائیں گے۔